ثانیہ مرزا کے کاسٹیوم پر شدید تنقید


حاملہ ثانیہ مرزا نے اپنے خاندان والوں کے ساتھ ایسا لباس پہن کر تصاویر جاری کردیں کہ پاکستانی غصے سے ان پر ٹوٹ پڑے

 

 پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک کی بھارتی ٹینس سٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کے دونوں ممالک میں بے شمار پرستار ہیں، جن کے لئے وہ گاہے بگاہے اپنی تصاویر بھی شئیر کرتی رہتی ہیں۔ اب جبکہ وہ حمل کے آخری دنوں میں ہیں تو ایک بار پھر انہوں نے اپنی کچھ تصاویر شئیر کی ہیں، مگر اس بار سوشل میڈیا صارفین تصاویر دیکھ کر بے وجہ غصے کا شکار ہو گئے ہیں اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ثانیہ نے اپنی فیملی کے ساتھ ایک چھوٹی سی پارٹی منائی اور پھر اس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کر دیں۔اپنی بہن انعم مرزا اور خاندان کے دیگر افرادکے ساتھ انہوں نے کیک کاٹا اور کچھ ہلا گلا بھی کیا۔ثانیہ تو محض اپنے پرستاروں کو خوشی میں شریک کرنا چاہ رہی تھیں کہ تصاویر شئیر کر دیں، لیکن معاملہ اُلٹ ہوگیا۔ ان تصاویر میں ثانیہ کے لباس کو بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے غیر ضروری طور پر چست قرار دے کر تنقید شروع کر دی ہے،خصوصاً اُن کے پائجامے نے بہت سے لوگوں کو پریشان کیا ہے۔

چست پائجامے میں اُن کی تصاویر دیکھ کر کوئی انہیں گائے کہہ کر مذاق اُڑا رہا ہے تو کوئی انہیں بھارتی ہونے کا طعنہ دے کر اپنا دل ٹھنڈا کر رہا ہے۔ ایک صارف نے دیسی لوگوں میں مغرب کی تقلید کے رجحان پر آنسو بہاتے ہوئے کہا کہ ” ہم دیسیوں کو کیا مصیبت پڑ گئی ہے گوروں کے بے بی شاور اور برائڈل شاور کی نقل کرنے کی ۔ کبھی گورے مایوں مہندی کرتے ہیں؟ غلام ذہنیت ہمیشہ گوروں کو ہی فالو کرتے رہیں گے۔“

دوسروں پرتنقید کے شوقین ایک اور صاحب نے تو ثانیہ پر طنز کرتے ہوئے یہ بھی ثابت کر دیا کہ وہ خود کتنے بدتہذیب ہیں، لکھتے ہیں کہ” یہ جان کر خوشی ہوئی کہ تمہارا بچہ پاکستانی شہری نہیں ہوگا۔۔ حاملہ گائے!“

غرضیکہ بے شمار ایسے ہی بیہودہ کمنٹ ہیں جو ثانیہ کی تصاویر پر کئے جا رہے ہیں۔ اور ستم ظریفی دیکھئے کہ یہ شرمناک الفاظ وہ لوگ استعمال کر رہے ہیں جو اپنے تئیں ثانیہ کو اخلاقیات کا سبق پڑھا رہے ہیں۔

Facebook Comments HS