وہ علاقہ جہاں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہوئی


وہ علاقہ جہاں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہوگئی، مگر کیسے؟ حقیقت جان کر آپ بھی خوش ہوجائیں گے

 

آسمان سے پانی برستے تو آپ نے دیکھا ہو گا مگر پانی کے ساتھ مچھلیاں برستی کبھی نہیں دیکھی ہوں گی۔ یہ حیرتناک منظر دیکھنا چاہیں تو امریکی ریاست یوتاہ کے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی گئی یہ ویڈیو دیکھ لیں۔ یوتاہ ڈویژن آف وائلڈ لائف ریسورسز کی جانب سے جاری کی گئی اس ویڈیو میں ایک بڑے ہوائی جہاز کے نچلے حصے سے ٹراﺅٹ مچھلیوں کی بارش ہوتی دیکھی جا سکتی ہے۔ ہوائی جہاز کے نچلے حصے میں کھلنے والے سوراخ سے پانی کی ایک آبشار سی نکلتی دکھائی دیتی ہے جس میں بے شمار مچھلیاں موجود ہیں جو نیچے واقع جھیل میں گرتی نظر آتی ہیں۔

دراصل مچھلیوں کی بارش کا اصل مقصد ہی نیچے واقع جھیلوں کے اندر ان کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ پہاڑی جھیلیں ہیں جہاں ہر سال ہوائی جہازوں سے بچہ مچھلیاں گرائی جاتی ہیں جو بعد ازاں ان جھیلوں میں افزائش نسل کر کے ان مچھلیوں کی کم ہوتی تعداد کو پھر سے پورا کر دیتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز سے گرائی جانے والی مچھلیوں میں سے تقریباً 95فیصد جھیلوں میں گرنے کے بعد زندہ رہتی ہیں اور افزائش نسل کرتی ہیں۔ان مچھلیوں کی جسامت صرف ایک سے تین انچ ہوتی ہے لہٰذا بلندی سے گرنے پر انہیں کچھ خاص نقصان نہیں پہنچتا۔

اس سے پہلے مچھلیوں کو پانی سے بھرے ڈبوں میں بند کر کے گھوڑوں پر لاد کر جھیلوں تک پہنچایا جاتا تھا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ طریقہ مچھلیوں کیلئے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے پرانا طریقہ ختم ہوچکا ہے اور اب پہاڑوں میں واقع متعدد جھیلوں میں ہوائی جہاز کے ذریعے مچھلیاں گرائی جاتی ہیں۔ مچھلیوں کی یہ بارش ہر سال 200 سے زائد پہاڑی جھیلوں پر کی جاتی ہے تاکہ ان جھیلوں میں پائی جانے والی لذیذ ٹراﺅٹ مچھلی کی دستیابی جاری رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).