نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پیرول پر رہا
پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کر دیا ہے۔ پیرول پر رہائی کے دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جاتی امراء تک محدود رہیں گے۔ اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد اُنہیں اسلام آباد ایئرپورٹ لے جایا گیا جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر مریم نواز نے اپیل کی کہ قوم والدہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت افسوس ہے کہ والدہ کی زندگی کے آخری لمحات میں اُن کے ساتھ نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدہ کے انتقال کی خبر کے بعد جیل میں رہنا بہت تکلیف دہ ہوگیا تھا۔
شہباز شریف کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو 5 دن کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئیں۔ ان کی حالت دوبارہ انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا۔ بیگم کلثوم نواز کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور گزشتہ کئی ماہ سے لندن کے ہارلےا سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔


