حکومت کسی آئینی ترمیم کے لئے مسلم لیگ (ن) کی محتاج ہے
ایوان بالا سینیٹ میں اقلیت میں ہونے کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت کو سادہ قانون سازی کے لئے پیپلز پارٹی یا کسی دیگر اپوزیشن جماعت سے حمایت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا کیونکہ حکمراں اتحاد دو تہائی اکثریت سے محروم ہونے کے باعث اسے ختم نہیں کرسکتا۔ چاہے اسے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کی حمایت ہی حاصل کیوں نہ ہو۔جبکہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعہ نظام بھی نہیں چلایا جا سکتا۔
آئین اور قانون کے ماہر وسیم سجاد نے کہا کہ سینیٹ میں عددی قوت کے اعتبار سے سادہ قانون سازی کے لئے اگر قومی اسمبلی سے منظور کوئی بل سینیٹ سے منظور کرانے میں ناکام رہتی ہے، تب وہ یہ بل آرٹیکل70(3) کے تحت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرسکتی ہے۔ ضمنی انتخابات کے بعد قومی اسمبلی میں حکمراں اتحاد کے 189 ووٹ اور اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی تعداد 153 ہو سکتی ہے۔ سینیٹ میں تحریک انصاف کے 12 سمیت حکومتی اتحاد کے 34 اور اپوزیشن میں ن لیگ کے 32 اور پیپلز پارٹی کے 20 سمیت اپوزیشن اتحاد کے 68 ووٹ ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکمراں اتحاد کے 223 (189جمع34) اور اپوزیشن کے 221 (153 جمع 68) ووٹ ہیں۔ بشرطیکہ اپوزیشن متحد ہو۔
جب ضمنی انتخابات ہوں گے تو تحریک انصاف عددی قوت میں اضافہ کرسکتی ہے ۔ صدارتی انتخابی عمل میں سرکاری امیدوار نے 212 ووٹ لئے جو اپوزیشن کے امیدواروں کے مجموعی ووٹوں کے برابر تھے۔ اکتوبر میں ضمنی انتخابات کے بعد پارلیمنٹ کے کسی بھی مشترکہ اجلاس کے لئے حکومت اکثریت حاصل کرلے گی۔ تاہم وسیم سجاد کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اجلاس میں تمام ارکان کی حاضری کو یقینی بنانا حکومت کے لئے مشکل ہوگا۔ ایسے مواقع پر صورتحال برابری کی ہوگی۔ لیکن عددی اعتبار سے حکومت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعہ سادہ قانون سازی کی پوزیشن میں ہوگی۔
دوسری جانب کسی آئینی ترمیم کے لئے حکومت کو دونوں ایوانوں میں علیحدہ علیحدہ دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ وسیم سجاد کے مطابق کسی بھی ایوان سے آئینی ترمیم منظور نہ ہونے کی صورت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا کوئی اختیار نہیں ہے کیونکہ آئین کا آرٹیکل 239 اس کی اجازت نہیں دیتا۔ آئینی ترمیم کے لئے حکومت کو قومی اسمبلی میں 228 اور سینیٹ میں 70 ووٹ درکار ہوں گے۔ آرٹیکل 239 کے ذیلی آرٹیکل 4 کے تحت صوبائی سرحدوں میں ردوبدل کے لئے ترمیمی بل بھی متعلقہ صوبائی اسمبلی سے منظور کرانا ہوگا۔
تحریک انصاف نے قوم سے جو بنیادی وعدے کئے ان میں ایک جنوبی پنجاب صوبہ کی تخلیق بھی ہے۔ لیکن اس کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کو سینیٹ اور پنجاب اسمبلی میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہے۔ اس کے لئے اسے قومی اسمبلی، سینیٹ اور پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت درکار ہو گی۔ ماضی میں مسلم لیگ (ن) بھی جنوبی پنجاب کےساتھ بہاولپور صوبہ کی بھی حمایت کرتی رہی ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت اگر وعدے پورے کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے ن لیگ کے ساتھ سنجیدگی سے مکالمہ کرنا ہوگا۔ ن لیگ کی حمایت کے بغیر آئین میں ترمیم ممکن نہ ہوگی۔
اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد اب آرٹیکل 89 کے تحت نظام صدارتی آرڈیننس جاری کر کے نہیں چلایا جا سکتا۔ اب ہر آرڈیننس کی پارلیمنٹ سے منظوری لازمی ہے۔ سادہ قانون سازی سے متعلق آئین کا آرٹیکل 70کہتا ہے
(1) وفاقی دستوری فہرست سے متعلق بل کسی بھی ایوان سے منظوری کے بعد دوسرے ایوان میں پیش کردیا جائے گا۔ اگر بل ترمیم کے بغیر منظور ہوجاتا ہے تو یہ منظوری کے لئے صدر کو پیش کردیا جائے گا۔
(2) اگر بل شق۔ ایک کے تحت بل مسترد ہوتا یا 90 دنوں میں منظور نہیں ہوتا تو یہ اصل ایوان کو واپس بھیج دیا جائے گا۔
(3) اگر ایوان ترمیم کے ساتھ منظور کرلیتا ہے تو پھر یہ صدر کو منظوری کے لئے بھیج دیا جائے گا۔
(4) صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لئے آئین میں ترمیمی بل صدر کو اس وقت تک منظوری کے لئے پیش نہیں ہوگا جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اس کی منظوری نہ دے۔
(5) آئین میں کسی بھی ترمیم کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
(6) شک رفع کرنے کے لئے اعلان کیا جاتاہے کہ آئین میں کسی ترمیم کے لئے پارلیمنٹ کے اختیارات کی کوئی حد نہیں ہے۔


