منی بجٹ آج پیش ہو گا: 500 اشیا پر ڈیوٹی میں اضافہ متوقع
معیشت پر دباؤ میں کمی اور ریونیو میں اضافے کیلئے حکومت منی بجٹ (فنانس بل) آج قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ ضروریات زندگی کی 500 اشیا پر ڈیوٹی میں اضافہ متوقع ہے، جس سے مو بائل فون، اے سی، فریج اور سگریٹ مہنگے ہونے کا امکان ہے۔
پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل فنانس بل کی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس وقت سخت معاشی دباؤ سے دوچار ہے۔ اب وقت ضائع کئے بغیر سابقہ حکومت کی جانب سے اپنے آخری دنوں میں دئیے جانیوالے بجٹ کے منفی اثرات سے نکلنا اور ریونیو کو بڑھا کر امور مملکت چلانا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے مجوزہ منی بجٹ میں 500 سے 750 درآمدی اشیا پر ریگولیٹری اور کسٹم ڈیوٹی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ مختلف اشیا پر کسٹم ڈیوٹی 2 سے 3 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔ سگریٹ اور پر تعیش اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر منقولہ جائیدادوں اور اثاثوں پر ویلتھ ٹیکس لگانے، موبائل فون کی درآمد پر ٹیکس بڑھانے، موبائل فون پر ڈیوٹی 6 فیصد تک کئے جانے، ترقیاتی بجٹ میں 140 ارب روپے کمی، ترقیاتی بجٹ 800 کے بجائے 660 ارب روپے مختص کرنے، میک اپ کے سامان پر ڈیوٹی بڑھانے، کاسمیٹکس اشیا مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔
موبائل فون کے پرزہ جات و دیگرآلات پر ڈیوٹی بڑھنے کاامکان ہے۔ اسکے علاوہ اے سی، فریج، ڈیپ فریزر، ایل ای ڈیز سمیت الیکٹرانس کا سامان مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).