ہم کالا باغ کے مخالف ہیں، آرٹیکل چھ لگانا ہے تو لگا لیں: اسفند یار ولی


عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ ہم کالا باغ کے مخالف ہیں، ڈیمز کے نہیں۔ نئے ڈیمز اورکالا باغ ڈیم کا معاملہ الگ الگ ہے، اس حوالےسے کوئی آرٹیکل 6 لگاتا ہے تو لگا لے، ہم مخالفت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو سیاسی کردار نہ دیا گیا تو بدقسمتی ہوگی۔ عمران خان الیکٹیڈ نہیں، سیلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں۔

جاتی امراء میں سابق وزیر اعظم نوازشریف سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کے بعد اسفند یار ولی نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کو بیگم کلثوم نواز کے جمہوری کردار پر فخر ہے۔

اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ جب سے عمران خان سیاست میں آئے ہیں، شائستگی ختم ہو گئی ہے۔ سب دعا کریں کہ انتقال اقتدار ہی نہ ہو، انتقال اختیارات بھی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں اے این پی سربراہ نے کہا کہ مضبوط جمہوریت کے لیے ن لیگ کا کردار ضروری ہے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ مشرقی سرحد عبور کرکے آنے والوں کو حق حکمرانی دیا جا سکتا ہے تو تین نسلوں سے پاکستان میں آباد افغانوں کو نیشنیلٹی کیوں نہیں دی جا سکتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).