وزیر اعظم کی سادگی مہم: لاہور قافلے میں متعدد پرتعیش اور انتہائی قیمتی گاڑیوں کی نشاندہی


حکومت سادگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم عمران خان حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے وزیراعظم ہاوس کے زیر استعمال 102 قیمتی گاڑیاں کو نیلام کیا گیا اور اب وزیراعظم ہاوس میں موجود بھینسو ں کی نیلامی کا بھی وقت قریب آگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پرتعیش گاڑیاں استعمال نہ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا

تاہم گزشتہ روز لاہور میں وزیراعظم کے قافلے کے ساتھ متعدد پرتعیش اور انتہائی قیمتی گاڑیاں دیکھی گئیں۔ معروف انگریزی صحافی عمر قریشی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے قافلے کی کچھ تصویریں شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرتعیش گاڑی بی ایم ڈبلیو (ایس یو وی) بھی قافلے میں موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں وزیراعظم عمران خان کے قافلے میں کئی بی ایم ڈبلیو (ایس یو ویز)موجود ہیں۔ عمر قریشی کے بقول ان تصویروں پر ایک دوست نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کم مہنگی گاڑیوں کے استعمال کا وعدہ کہاں گیا ؟ ان بی ایم ڈبلیو گاڑیوں میں سے ہر ایک کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔ عمرقریشی نے سوال کیا کہ اس بی ایم ڈبلیو گاڑی کو نیلام نہیں کیا گیا؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی کے پروٹوکول کے خلاف بھی ایک شہری نے شدید احتجاج کیا تھا جس پر پولیس نے مذکورہ شہر ی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

Facebook Comments HS