وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی بھینسوں میں خاص اور حیران کن بات کیا تھی؟


وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کی نیلامی آج دن 11 بجے منی ڈیری فارم پی ایم ہائوس میں ہوگی۔ وزیراعظم ہاؤس انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹس کے مطابق بھینسوں کی نیلامی آج صبح 11 بجے منی ڈیری فارم وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 3 نیلی راوی بھینسیں ایک کٹا اور 4 کٹیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے کٹے کے استثنیٰ کے ساتھ دیگر سات مادہ بھینسوں میں سے ہر کے زیریں منطقے میں چار عمودی معلق پیداواری تھن نصب کئے گئے ہیں جن سے موزوں حالات میں, اسلامی نظریاتی کونسل کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق، دودھ نکالا جا سکتا ہے۔ نیلامی میں شامل کٹے کے عقب میں ایک نامیاتی دم کی سہولت دی گئی ہے جس سے مکھیاں اڑانے کا کام لیا جا سکتا ہے۔ آٹھ مویشی کل ملا کے 32 ٹانگوں پر استوار ہیں جنہیں سیاسی استحکام کا استعارہ قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھینسیں سب سے زیادہ بولی لگانے والے افراد یا پارٹی کو دی جائیں گی۔ نوٹس کے مطابق مجاز اتھارٹی وجہ بتائے بغیر بولی مسترد کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے۔ مجاز اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن میں اپیل کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

 

 

Facebook Comments HS