ٹیرن وائٹ عمران خان کی بیٹی ہے: برطانوی اخبار ڈیلی میل


کیا ٹیرن وائٹ عمران خان کی بیٹی ہے؟ پاکستان میں معاملہ ایک بار پھر عدالت تک جا پہنچا۔ برطانوی اخبار نے ٹیرن وائٹ کو عمران خان کی بیٹی قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیرن وائٹ معاملہ ایک بار پھر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے لئے بھیانک خواب کی طرح سامنے آکر کھڑا ہو گیا اور اس حوالے سے حقائق سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست عدالت میں دائر کر دی گئی ہے جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹیرن وائٹ عمران خان کی بیٹی ہے اور عمران خان نے حقائق چھپائے ہیں۔ حقائق کو سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ پاکستان میں یہ معاملہ کئی بار ابھرا اور گرد کی طرح بیٹھ گیا تاہم اب برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اپنی تازہ رپورٹ میں ٹیرن وائٹ کو عمران خان کی بیٹی قرار دیا ہے۔

اخبار اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ عمران خان نے ٹیرن وائٹ کو اس لئے اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا کیونکہ پاکستان ایک قدامت پسند ملک ہے جہاں شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کو نہ تو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور نہ ہی خاندان میں اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ ٹیرن وائٹ جو کہ اس وقت 26 سال کی ہو چکی ہے اور عمران خان کی جمائما خان سے شادی سے تین سال قبل مولود ہوئی اس وقت جمائما کے زیر کفالت ہے۔

ٹیرن وائٹ کی والدہ سیتا وائٹ کی وفات کے بعد جمائمہ گولڈ اسمتھ نے ٹیرن وائٹ کو گود لے لیا ہے۔ ٹیرن کی والدہ سیتا وائٹ نے اپنی زندگی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد ہر ممکن کوشش کی کہ کسی طرح عمران خان اس کی بیٹی کو اپنا لیں تاہم عمران خان کے ٹیرن کو بیٹی ماننے سے انکار پر سیتا وائٹ نے اس حوالے سے عدالت میں مقدمہ بھی دائر کیااور 7 سال بعد 2004ء میں امریکی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو ٹیریان کا باپ قرار دے دیا۔ اس مقدمہ کا فیصلہ آنے کے کچھ ہی دنوں بعد سیتا وائٹ کی موت واقع ہو گئی۔

ٹیرن نیویارک اور لندن میں رہتی ہے جبکہ لندن میں وہ جمائما خان کے ساتھ رہائش پذیر ہوتی ہے۔ عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ اور ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان کے ساتھ ٹیرن ایک فیملی کی طرح خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے اور انہوں نے انسٹا گرام پر اپنا ایک گروپ فوٹو بھی حال ہی میں شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بھائیوں کے ساتھ میکسیکو میں موجود ہیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ عمران خان تو آج بھی ٹیرن کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کرتے تاہم جمائما خان کھلے عام اسے اپنی سوتیلی بیٹی کہتی ہیں۔

ڈیلی میل کی تفصیلی رپورٹ ذیل کے لنک پر ملاحظہ کیجئے:

https://www.dailymail.co.uk/femail/article-6211227/How-Imran-Khans-ex-wife-Jemima-second-mother-love-child-shunned.html

Facebook Comments HS