ایس پی کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک کرامت کھوکھر سپریم کورٹ میں طلب


چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایس پی کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک کرامت کھوکھر کو فوری طور پر عدالت میں طلب کر لیا۔

ملک منشا کھوکھر عرف منشا بم کی گرفتاری کیلئے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایس پی سے استفسار کیا کہ یہ منشا بم کون ہے؟ جس پر ایس پی معاذ نے بتایا کہ منشا بم جوہر ٹاﺅن کا بہت بڑا قبضہ گروپ ہے، وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرتا ہے، اس کے خلاف 70 مقدمات درج ہیں، آپ کے حکم پر کارروائی شروع کی تو سفارشیوں کے فون آنا شروع ہوگئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس کا فون آیا سفارش کیلئے؟ ایس پی نے بتایا کہ ایم این اے کرامت کھوکھر نے منشا بم کی گرفتاری سے روکنے کی درخواست کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے’میں دیکھتا ہوں کہ یہاں کون بدمعاش ہے؟ پولیس کے ساتھ ساتھ زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، پولیس میں سیاسی مداخلت کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ چیف جسٹس نے ایس پی کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک کرامت کھوکھر کو فوری سپریم کورٹ طلب کرلیا جبکہ منشا بم کی بھی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے ملزم منشا بم کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل رانا سرور کی بھی سخت سرزنش کی جس پر وکیل نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کیس سے علیحدگی اختیار کرلی۔

karamat khokhar with Imran Khan (extreme right)
Facebook Comments HS