برازیلین ہونے کی وجہ سے ویٹر نے مجھے کیلا بیہودہ انداز میں تراش کے پیش کیا

برازیل سے سیاحت کے لئے آسٹریلیا جانے والی ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ وہاں ایک ریستوران والوں نے ایسی بے حیائی کا مظاہرہ کر ڈالا کہ انٹرنیٹ پر، اور خصوصاً برازیلی سوشل میڈیا پر غم و غصے کا ایک طوفان برپا ہو گیا ہے۔
لڑکی نے یہ ساری کہانی میڈیا کے سامنے رکھ دی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ اپنی ایک سہیلی کے ساتھ وہ بونڈائی کے مشہور ریسٹورنٹ سیوسڈ گئی اور وہاں اُن کی معروف میٹھی ڈش اکائی باﺅل کا آرڈر دیا۔ ویٹر نے بات چیت کے دوران اُن سے پوچھا کہ وہ کس ملک سے آئی ہیں اور انہوں نے بتایا کہ اُ ن کا تعلق برازیل سے ہے۔
کچھ دیر بعد ویٹر میٹھے کی ڈش لے کر آیا، لیکن اسے دیکھ کر سیاح لڑکیوں کو بے حد شرمندگی اور توہین محسوس ہوئی۔ اس کے اوپر ایک کیلا کھڑا کیا گیا تھا جس کے بالائی سرے کو تھوڑا سا تراش کر مردانہ پوشیدہ حصے کی شکل دی گئی تھی۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ یہ منظر دیکھ کر شدید برہم ہوئیں اور یہ ڈش وہیں چھوڑ کر ریسٹورنٹ سے باہر نکل آئیں۔
بے حیائی کا نشانہ بننے والی لڑکی نے خصوصی طور پر اس بات کی جانب توجہ دلائی ہے کہ ویٹر نے پوچھا تھا کہ وہ کس ملک سے آئی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ برازیلی لڑکی ہونے کی وجہ سے انہیں کئی جگہ ایسے سلوک کا سامنا کرنا پڑا گویا وہ جنسی تفریح کا سامان ہیں۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے برازیلی خواتین کو بڑے غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے، اور یہ کہ لوگوں کو اس طرح کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

