پشاور یونیورسٹی میں طلبا اور پولیس کے درمیان تصادم ۔۔۔


گزشتہ روز پشاور اور طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم ہوا جس میں آٹھ طلبہ زخمی ہوئے اور بیس کو گرفتار کر لیا گیا۔ طلبہ تنظیموں کی طرف سے کہا گیا کہ پشاور یونیوسٹی نے فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا تھا جس پر وہ احتجاج کررہے تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ہر سال یونیورسٹی کی فیس میں دس فیصد اضافہ مختص ہے۔ معمول کے مطابق فیسوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ حکام کے مطابق نو جولائی کے دن ایک آپریشن کیا گیا تھا جس میں سیاسی اور علاقائی تنظیموں کے افراد سے ہوسٹلز کے تین سو کمرے خالی کرائے گئے تھے۔ ان کمروں میں وہ لوگ بستے تھے جو طالبعلم نہیں تھے بلکہ سیاسی اور علاقائی تنظیموں کے لوگ تھے جو وہاں پر رہ کر بد معاشی کرتے تھے۔ انتہا پسندی پھیلانے کے ساتھ ساتھ یہ لوگ چرس اور شراب کا کاروبار کررہے تھے۔ ان سیاسی اور علاقائی تنظیموں کا مقصد یہ ہے کہ وہ یونیورسٹی کے طالبعلوں کو ڈھال بناکر یونیورسٹی انتظامیہ کو بلیک میل کریں۔

انتظامیہ اور حکومتی موقف کے مطابق گزشتہ روز ان تنظیموں کو کہا گیا تھا کہ وہ مخصوص جگہ پر پانچ گھنٹے احتجاج کرسکتے ہیں اور اپنے مطالبات پیش کر سکتے ہیں۔ اب میڈیا بھی وہاں موجود تھا۔ اسی دوران طلبہ محاز تنظیم نے ایڈمنسٹریشن بلاک کی طرف پیش قدمی کی جس بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انتظامیہ اور حکومتی موقف کے مطابق وہ فیسوں میں کمی پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ تعلیم درسگاہ کا ماحول پرامن رکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن فیسوں کو بنیاد بناکر انتہا پسندی کو پروان چڑھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور نہ ہی چرس اور شراب کے کاروبار کرنے والوں کو معاف کیا جاسکتا ہے۔

یہ تو ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے ہوسٹلز کے کمروں پر مذہبی، سیاسی اور علاقائی جماعتوں اور تنظیموں کا قبضہ ہوا۔ کچھ لوگ وہاں بیٹھ کر ایسا لٹریچر پھیلاتے ہیں جس سے تعلیم درسگاہوں میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلتی ہے اور نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ مشال خان جیسا انسان بھی قتل کردیا جاتا ہے۔ ان کمروں میں اسلحہ بھی ہوتا ہے۔ طالبعلموں پر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔ ان سے بھتہ بھی وصول کیا جاتا ہے۔ اسی یونیورسٹی میں دو ماہ پہلے ایک طالبعلم پر اس لئے تشدد کیا گیا تھا کہ وہ اپنے کمرے میں میوزک سن رہا تھا۔ ایسا بھی اس یونیورسٹی میں دیکھا گیا ہے کہ سیاسی اور علاقائی تنظیمیں طالبعلموں کو اٹھا لے گئی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ پشاور یونیورسٹی میں بہت سی تنظیمیں بدمعاشی کرتی ہیں۔ تعلیمی درسگاہوں میں نفرت، تعصب اور انتہا پسندی پھیلاتی ہیں۔ داعش اور طالبان کے لٹریچر کو فروغ دیتی ہیں اور طالبعلموں کو دباؤ میں ڈال کر اپنے ساتھ ملاتی ہیں۔ ان تنظیموں کے لیڈرز مسائل پید اکرتے ہیں کیونکہ ان کے پاس ہاسٹلز کے کمروں میں اسلحہ بھی ہوتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ایسا ہورہا تھا؟ اگر واقعی ایسا ہورہا تھا تو پولیس ایکشن ضروری تھا۔ اگر نہیں تو پھر اس طرح کے پولیس ایکشن کی مذمت کرنی چاہیے۔

حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ فیسوں میں بے تحاشا اضافے کو واپس لیا جائے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر طالبعلموں کا تعلق غریب اور پسماندہ گھرانوں سے ہوتا ہے وہ بہت زیادہ فیس کیسے ادا کریں۔ حکومت اگر فیسوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیتی ہے تو پھر احتجاج کو فوری بند ہونا چاہیے۔ اگر پشاور یونیورسٹی انتظامیہ کرپشن میں ملوث ہے اور تعلیمی درسگاہوں میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئی ہیں تو اس حوالے سے بھی کے پی حکومت کو انکوائری بٹھانی چاہیے۔ لیکن اگر سیاسی اور علاقائی تنظیمیں چاہتی ہیں کہ انہیں ہوسٹلز کے سینکڑوں کمرے واپس کیے جائیں تاکہ وہ وہاں بیٹھ کر بدمعاشی کریں تو یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسا مطالبہ کسی صورت قبول نہ کیا جائے۔

پاکستان کی تمام سرکاری یونیوسٹیوں میں اگر اسٹوڈنٹس یونینز منتخب ہوکر آئیں تو ایسی صورتحال کبھی پیدا نہ ہو۔ یونیورسٹی یا کالج کی لڑکے لڑکیاں ووٹ دے کر اسٹوڈنٹ یونین منتخب کریں۔ اس سے کوئی باہر والا نان اسٹودنٹ اسٹوڈنٹ باڈی میں نہیں آسکے گا۔ لیکن کیونکہ طلبہ تنظیمیں سیاسی و علاقائی تنظیموں سے جڑی ہوتی ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور باہر والے طالبعلموں کے لیڈرز بن جاتے ہیں اور پھر وہ ہوسٹلز کے کمروں پر قبضہ کرکے صورتحال بدترین بنا دیتے ہیں۔ میڈیا کو بھی اس ہوالے سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنی چاہیے۔ یہ نہیں کہ یہ دیکھیں پولیس نے کریک ڈاون کردیا۔ یہ کریک ڈاون کیوں کیا گیا۔ اس پر بھی رپورٹنگ ہونی چاہیے تاکہ مشال خان سانحہ دوبارہ نہ ہو۔