ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو زبردست جھٹکا لگ سکتا ہے: صحافی محمد مالک


معروف صحافی محمد مالک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں زبردست دھچکا لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ حکومت کو ضمنی انتخاب میں دھچکا لگنے کا خدشہ ہے لیکن ایسا کوئی اپ سیٹ نہیں ہو گا کہ حکومت ہی تبدیل ہو جائے گی۔ ابھی فی الحال ایسا کچھ نہیں ہو گا، کام ایسے ہی چلے گا جیسا چل رہا ہے۔

ان کے لیے مشکلات مجھے تین سے چاہ ماہ کے بعد نظر آ رہی ہیں، جب حکومت کی کئی نا اہلیاں سامنے آئیں گی۔ تب ایک ماحول بنے گا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اپنے آپ کو سب سے بڑے خطرے میں خود ڈالا ہوا ہے۔ انہوں نے عوام کی توقعات کو کافی حد تک بڑھا دیا ہے۔ لیکن مجھے ان کے فیصلے سمجھ نہیں آرہے۔

جیسے کہ ایک چھوٹی سی بات ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کہا تھا کہ ہم لینڈ مافیا سے زمینوں کے قبضے چھُڑوائیں گے اور اس کا انچارج علیم خان کو لگا دیا ہے جن پر خود زمینوں پر قبضے کرنے کے الزامات ہیں۔ علیم خان تو خود نیب میں سوالات کے جوابات دے رہے ہیں اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ کیا ان کو پورے ملک میں ، پورے پنجاب میں علیم خان کے علاوہ اور کوئی بندہ نہیں ملا ؟

محمد مالک نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام کے ایک سینیٹر ہیں، وہ جب اقتدار میں آتے ہیں تو ہمیشہ منشیات کی قائمہ کمیٹی کے چئیرمین لگتے ہیں کیونکہ ان پر خود اس حوالے سے کئی الزامات ہیں۔ محمد مالک نے کہا کہ اس سے ایک چیز واضح ہے کہ جس پر جو الزام ہے، وہ اسی فیلڈ میں چوہدری بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف ناکام ہو بھی جائے تو حکومت گرانے والا کوئی معاملہ تشکیل نہیں پا سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).