اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ “چھوٹے ہوں یا بڑے”، کچھ عادات ایک جیسی ہوتی ہیں: صحافی عمر چیمہ


سینئر صحافی عمر چیمہ بھی وزیر اعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پر تنقید کرنے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔  دس ارب درخت لگانے اور ملک بھر میں صفائی کی اس مہم پر کوئی عمران خان کی تعریف کر رہا ہے تو کوئی اسے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی نقل قرار دے رہا ہے۔

عمران خان نے گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک کالج میں جھاڑو لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا تو صحافی عمر چیمہ نے ان کی اور مودی کی ایک تصویر شیئر کی ۔ اس تصویر میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے ہاتھوں میں جھاڑو دیکھا جاسکتا ہے۔ عمر چیمہ نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”اعلیٰ عہدوں پہ فائز لوگ چھوٹے ہوں یا بڑے، کچھ عادات تاہم مشترک ہوتی ہیں جیسا کہ جھاڑو لگانا، ٹائلٹ بنوانا، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ“۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے بطور وزیر اعظم ’ سوَچ بھارت ابھیان‘ (کلین انڈیا، گرین انڈیا) کے نام سے قومی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت پورے بھارت میں نہ صرف صفائی مہم کا آغاز کیا گیا بلکہ بیت الخلا کی سہولت سے محروم 90 کروڑ لوگوں کو ’سوچالے‘ (بیت الخلا) کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

سوال یہ ہے کہ عمر چیمہ نے اپنے ٹویٹ میں ”اعلیٰ عہدوں پہ فائز لوگ چھوٹے ہوں یا بڑے“ کا ذکر کیوں کیا ہے؟ اس کی حقیقت یہ ہے کہ بھارت کی جانب سے مذاکرات سے انکار پر وزیر اعظم عمران خان نے مودی کو بڑے عہدے پر فائز چھوٹا شخص قرار دیا تھا ، یہی وجہ ہے کہ عمر چیمہ نے اسی انداز میں یہ ٹویٹ لکھا ہے۔

Facebook Comments HS