بے باک مناظر کی عکس بندی کیلئے معروف اداکارہ تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کو مشکل میں ڈال دیا


بالی ووڈ میں بے باک مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف 10 کروڑ روپے کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

بالی ووڈ میں آج کل ’می ٹو‘ مہم عروج پر ہے اور آئے دن جنسی ہراسانی کے حوالے سے نت نئے الزامات سامنے آرہے ہیں جس کی زد میں اب تک کئی نامور اداکار وہدایت کار آچکے ہیں، اداکارہ تنوشری دتہ نے بھی معروف اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایک فلم کے دوران انہیں ہراساں کیا تاہم نانا پاٹیکر نے الزام پر خاموش رہنے کو ہی ترجیح دی مگر راکھی ساونت نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے ایک گانے میں نانا پاٹیکر کے ساتھ تنوشری دتہ کی جگہ راکھی ساونت کو کاسٹ کیا گیا تھا اور اسی پر راکھی ساونت نے تنوشری کے نانا پاٹیکر پر ہراسانی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ جھوٹ بول رہی ہیں اور وہ یہ سب صرف شہرت کے لیے کررہی ہیں، اگر ان میں سچ بولنے کی ہمت ہے تو وہ میرے سامنے آکر بات کریں۔

تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کے ساتھ ساتھ 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا جب کہ ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ راکھی ساونت کے الزامات کی وجہ سے میری موکل کی بدنامی ہوئی لہذا اداکارہ کے خلاف کیس دائر کیا ہے اور اگر وہ جواب دینے میں ناکام رہیں تو انہیں 2 سال جیل کے ساتھ جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).