آسیہ بی بی کی بریت: عمران خان میدان میں آگئے، بڑا فیصلہ کر لیا
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے حوالے سے فواد چوہدری نے قوم کو اپنے ایک ٹوئٹ میں آگاہ کیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدالت کی جانب سے آسیہ بی بی کی بریت کے بعد وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بھی بات کریں گے۔ واضح رہے کہ آسیہ مسیح کو توہین عدالت کیس میں ذیلی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی جس کے خلاف ملزمہ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 8 اکتوبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ مسیح کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ادھر نیب کی جانب سے 71 بیورو کریٹس اور سیاستدانوں کی فہرست تیار کر لی ہے جن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن رہنماؤں کے احتساب کی بات کر رہے ہیں جس سے اپوزیشن رہنماؤں میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم نے تین نومبر کو دورہ چین کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن اب وہ اپنے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے کل شام ہی چین کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ چین کو ملک میں جاری معاشی بحران کے تناظر میں بڑی اہمیت دی جا رہی ہے۔ آج وزیراعظم کے خطاب کے دوران دورہ چین اور احتساب کے عمل کے حوالے سے بھی قوم کو اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔



