دودھ، برفی والے کے اکاؤنٹ میں رقم رکھی تو میری مرضی: آصف زرداری


پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روز کہتے ہیں، کبھی دودھ والا آ گیا، کبھی برفی والا آ گیا، اگر ان کے اکاؤنٹ میں پیسے رکھوائے ہیں تو میری مرضی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پیسے میں نے رکھوائے، اکاؤنٹ میں نے کھلوایا۔ پھر اگر رکھوائے بھی ہیں، تو اس کا بھی میں دفاع کر سکتا ہوں کہ ہاں بھئی اس کے اکاؤنٹ میں پیسے رکھوائے، میری مرضی ہے ۔

اُن کا کہنا تھا کہ جس کے اکاؤنٹ میں پیسے رکھوائے، اس کو پتا نہیں تو اس کا قصور ہے۔ بنک والے کا قصور ہے۔ کئی مقدمات بھگتے ہیں، بڑی حد تک قانون کا پتا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ کل کی تقریر میں وزیر اعظم نے اپنی حکومت کو معاملے سے علیحدہ کر لیا اور اداروں کو آگے کر دیا۔ وزارت داخلہ کا قلم دان وزیر اعظم کے پاس ہے، وزارت داخلہ کو ہی مذاکرات اور ایکشن کرنا ہوتا ہے، کمیٹی سے نہیں وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ خود اس معاملے کو حل کرائیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہنا ہے کہ این آر او کا معاملہ کچھ نہیں، وزیر اعظم عمران خان کو بولنے کی عادت ہے، ہم کہہ رہے ہیں کہ ایگزیکٹو بن جاؤ، اپوزیشن ہمیں کرنے دو۔

Facebook Comments HS