نئے لکھنے والوں کے لیے: صحیح اردو لکھیے



۱- دن ہندی زبان کا لفظ ہے جبکہ روز فارسی کا۔ جہاں کسی مظہر میں تسلسل دکھلانا مقصود ہو وہاں “روز بروز” یا “آئے دن” لکھنا چائیے۔ دن بہ دن لکھنا غلط ہے۔ مثلاً صحیح استعمال یوں ہوگا:

کائنات کے بارے میں ہمارا علم روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ یا پھر:
بجلی کی قیمتوں میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔

دن بہ دن کے غلط استعمال کی ایک مثال :

دن بہ دن بڑھتی گئیں اس حسن کی رعنائیاں
پہلے گل، پھر گل بدن، پھر گل بہ داماں ہو گئے۔
مگر فلم کے لیے گانے لکھنے والوں کی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں۔ فلمی موسیقی میں دھن پہلے بنتی ہے، شاعر اس پر الفاظ بعد میں لکھتا ہے۔ جہاں وزن، بحر، ردیف، قافیے کی پابندی سے طرز متاثر ہونے کا خدشہ ہو، وہاں اول الذکر کی بخوشی قربانی دے دی جاتی ہے۔ ذرا اس مشہور فلمی گانے کے ردیف قافیے پر بھی غور فرمائیں:
دنیا کسی کے پیار میں جنت سے کم نہیں
اک دلربا ہے دل میں جو حوروں سے کم نہیں۔
جنت اور حوریں لازم و ملزوم ہی سہی، مگر ہم قافیہ تو ہر گز نہیں ہیں۔

۲- سِحر اور سحر کا صحیح تلفظ اور استعمال:

سِحر (س کے نیچے زیر، ح اور ر دونوں ساکن) عربی کا لفظ ہے۔ جادو کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ ساحر بمعنی جادوگر اور مسحور (جس پر جادو کیا گیا ہو) بھی اسی قبیل سے ہیں۔
میر صاحب نے اس کا استعمال یوں کیا ہے:
ایسے آہوۓ رم‌خوردہ کی وحشت کھونی مشکل تھی
سِحر کیا اعجاز کیا جن لوگوں نے تجھ کو رام کیا
غالب نے اس کو یوں بندھا ہے:

وہ سِحر مدعا طلبی میں نہ کام آئے
جس سِحر سے سفینہ رواں ہو سراب میں

سحر (س اور ح کے اوپر زبر، ر ساکن) عربی کا لفظ ہے اور صبح کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کی جمع شجر کی جمع اشجار کے وزن پر اسحار ہے گو کہ جمع کا صیغہ کم استعمال ہوتا ہے۔
استعمال:
غمِ ہستی کا، اسدؔ! کس سے ہو جُز مرگ، علاج
شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک
نثر میں دونوں الفاظ لکھنے میں ایک جیسے آتے ہیں مگر وزن الگ الگ ہونے کی وجہ سے شعر میں ایک کی جگہ دوسرا لفظ رکھ دینے سے مصرعہ بحر سے خارج ہو جائے گا۔

۳- نظر اور نذر کا درست استعمال:
بعض اوقات ان دو الفاظ کو لکھنے والے گڈ مڈ کردیتے ہیں۔ نظر کا تعلق آنکھ اور دیکھنے سے ہے۔ اس حوالے سے نظر لگنا یا لگانا، نظر اتارنا، نظر رکھنا، نظر میں رکھنا، نظروں میں آنا، نظروں سے گرنا، نظر چرانا، نظر سے پینا یا پلانا، نظر پھسلنا، نظر کا دھوکہ جیسے محاورے اور اصطلاحات رائج ہیں۔ نظیر مثال یا نقل Replica کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔

نذر کا تعلق بھینٹ، قربانی، منت، چڑھاوے وغیرہ سے ہے۔ اس قبیل کی اصطلاحات میں نذر ماننا، نذر پوری کرنا، نذر کرنا یا کردینا، نذر دینا، نذر ہونا، نذرِ آتش، اور نذر و نیاز جیسی تراکیب اور اصطلاحات رائج ہیں۔

نذر ڈرنے اور ڈرانے کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ مثلاً انذار (الف کی زیر کے ساتھ) بمعنی ڈراوا، نذیر یا منذر بمعنی ڈرانے والا، تنذیر بمعنی ڈرانا، وغیرہ۔
ان الفاظ کے صحیح استعمال سے نہ صرف تحریر کی صحیح معنویت آشکارا ہوگی بلکہ امید ہے کہ ایڈیٹر صاحبان کا بھی بہت سا قیمتی وقت بچ جایا کرے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).