آسیہ بی بی ابھی جیل میں ہی ہے : آئی جی جیل خانہ جات پنجاب


آئی جی جیل خانہ جات پنجاب شاہد سلیم بیگ نے بتایا کہ آسیہ بی بی ابھی جیل میں ہی ہے۔

توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے بری کی جانے والی آسیہ بی بی کے حوالے سے جیل حکام کو اس کی رہائی کے احکامات نہیں ملے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب شاہد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ جیل میں آسیہ کا مقام سکیورٹی بنیادوں پر بتایا نہیں جا سکتا۔

یاد رہے کہ آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ایک اپیل دائر کر دی گئی ہے جس میں عدالتِ عالیہ سے اس پر نظر ثانی کی استدعا کی گئی ہے۔ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا، سپریم کورٹ بریت کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کرے اور ملزمہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے۔