سی ڈی اے کا لاپتہ افسر ڈی آئی خان میں موجود: ویڈیو پیغام میں اداروں کو بدنام نہ کرنے کی درخواست


لاپتہ سی ڈی اے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی گمشدگی کا ڈراپ سین ہوگیا۔ وفاقی ادارے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے لاپتہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایاز خان اس وقت ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود ہیں اور انہوں نے اپنی خیریت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ایاز خان نے کہا ہے کہ میرے حوالے سے کسی کو بھی پریشان ہونے یا کرنے کی ضرورت نہیں، حکومت اور اداروں کی بدنامی نہ کی جائے۔

ایاز خان نے کہا کہ مجھے پتہ چلا کہ میرے حوالے سے سوشل میڈیا پر عجیب خبریں چلائی گئیں، میرے موبائل گم ہونے کی وجہ سے کسی سے رابطہ نہیں ہو سکا، میں اپنے رشتہ داروں کے پاس ڈیرہ اسماعیل خان آیا تھا، سوشل میڈیا پر ان کے اغوا ہونے کے حوالے سے پراپیگنڈہ کیا جاتا رہا۔

خیال رہے کہ سی ڈی اے کے لاپتہ افسر کے برادر نسبتی حسن کی جانب سے تھانہ آبپارہ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایاز خان جمعرات کو گھر سے سی ڈی اے دفتر جی 6 گئے، وہ رات 8 بجے تک اپنی اہلیہ سے رابطے میں تھے اور جلد گھر آنے کا بتایا، رات 8 بجے کے بعد ایاز خان کے دونوں موبائل نمبر اچانک بند ہو گئے، اس کے بعد سے اب تک وہ گھر واپس آئے نہ ہی رابطہ کیا، سی ڈی اے آفس سیکٹر جی 6 گئے تو ایاز خان کی گاڑی وہاں موجود تھی۔

پولیس کے مطابق ایاز خان کی اہلیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خاوند سے آخری بار فون پر بات ہوئی تو انہوں نے کورنگ میں ہونے کا بتایا، اہلخانہ کی اطلاع پر رپورٹ درج کر کے سی ڈی اے افسر کی تلاش شروع کی تو پہلا انکشاف یہ ہوا کہ میلو ڈی مارکیٹ کے گرد نصب سیف سٹی کے کیمرے بھی خراب ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).