فیاض الحسن چوہان سمیت وزراء کے گھروں کی ازسرنو آرائش کے لیے 72 لاکھ روپے کی اضافی منظوری


پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالتے ہی کفایت شعاری مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم سمیت حکومتی نمائندوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کرنے اور اپنے اخراجات کم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو حکومتی نمائندوں کی عیش و عشرت پر خرچ نہیں کیا جائے گا۔

تاہم پنجاب حکومت  وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے 72 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ عمار یاسر کی رہائش گاہ کے لیے 8 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، حافظ ممتاز، ظہرین الدین سمیت اہم رہنماؤں کے گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے لاکھوں روپے منظور کر لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں وزراء کے گھروں کی تزئین و آرئش کے لیے ایک کروڑ سے زائد رقم کے لیے کہا گیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اسے کم کر کے 72 لاکھ روپے کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ یہ رقم مختص کیے گئے بجٹ سے الگ ہے۔ وزراء کی ان رہائش گاہوں پر ماضی میں کافی پیسہ خرچ کیا گیا اور یہ بہت اچھی حالت میں تھیں تاہم اس کے باوجود بھی گھروں کو مزید سجانے کے لیے لاکھوں روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان کی رہائش گاہ کے لیے 6 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے وزیر اعلی پنجاب کو سمری بھجوائی تھی جس کے بعد عثمان بزدار نے 72 لاکھ روپے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم ہاؤس کی بجائے ملٹری سیکرٹری کے گھر میں قیام کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وزیراعظم ہاؤس پر اربوں روپے کے اخراجات سے گریز کیا جا سکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).