کیا واقعی عمران خان دنیا کو اسلام کا پرامن چہرہ دکھانا چاہتے ہیں؟


پاکستان کی سپریم کورٹ نے توہین رسالت کے مقدمے میں ماخوذ ملزمہ آسیہ نورین عرف آسیہ بی بی کو اس الزام سے بری کرتے ہوئے اس کی رہائی کا فیصلہ کیا سنایا، تحریک انصاف کی نوزائیدہ حکومت کو گویا ایک مسلسل آزمائش میں مبتلا کر دیا۔

اس فیصلے کے خلاف تحریک لبیک یا رسول اللہ پاکستان نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر دھرنوں کی کال دی اور تحریک لبیک کے قائدین لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

عشق رسول ﷺ کے جذبات سے لبریز عاشقان رسول ﷺ سڑکوں پر نکل آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ملک جام کر دیا۔ اور پھر اسی پر بس نا کرتے ہوئے سرکاری اور نجی املاک کی توڑ پھوڑ بھی شروع کر دی گئی۔ شیخوپورہ میں ایک کیلا فروش بچے کی ویڈیو سامنے آئی جو گھر سے روزگار کمانے نکلا مگر ہجوم کے ہاتھوں کیلے لٹوا کر واپس لوٹا۔ اس کے علاوہ موٹر وے اور دیگر جگہوں پر بھی حب رسولﷺ کے مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ جہاں ایسے معاملات کا زور رہا وہیں سوشل میڈیا پر بے تحاشا پھیلتی افواہوں نے بھی صورت حال کی سنگینی کے بے پناہ تاثر میں اضافہ کیا۔

ایسے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سامنے آئے اور انہوں نے قوم سے مختصر خطاب کرتے ہوئے ریاست کی رٹ کو ہر حال میں قائم اور برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے مظاہرین کو سخت الفاظ میں وارننگ دی کہ وہ ریاست کو اس صورت حال تک نا لے کر جائیں جہاں ریاست ایکشن لینے پر مجبور ہو جائے۔

وزیر اعظم کی اس تقریر نے قوم کو خوش کر دیا۔ پہلی مرتبہ قوم کو احساس ہوا کہ وہ ایک ایسی ریاست کے باشندے ہیں جہاں ان کی جان، مال، وقت اور عزت کی اہمیت ہے اور اس اہمیت کو ضرر پہنچانے والوں کے خلاف ریاست حرکت میں ائے گی۔

یہ تقریر کر کے وزیر اعظم ریاست کی رٹ کو بری طرح پامال ہوتا چھوڑ کر بیرون ملک دورے پر روانہ ہو گئے۔ قوم یہ توقع کر رہی تھی کہ ریاست متشدد مظاہرین سے سختی سے نبٹے گی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے گی کہ ایسے میں تحریک لبیک کے قائدین اور وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے مابین معاہدے کی بازگشت سنائی دینے لگی۔ اور پھر بالآخر ایک معاہدہ سامنے آیا جس میں دیگر شقات کے ساتھ ساتھ ایک شق ایسی تھی جس میں تحریک لبیک کے قائدین نے دھرنے کے دوران اپنے سخت کلمات پر ”جس کسی کی بھی“ بلا جواز دل آزاری ہونے پر معذرت کی۔ دو تین دن پہلے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے یہ بتایا کہ حکومت نے یہ معذرت قبول کر لی ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ”جن کسی کی“ دل آزاری ہوئی وہ اس معاملے میں مکمل طور پر خاموش ہیں۔

اس کے فوراً بعد جو بات سامنے آئی وہ یہ تھی کہ حکومت نے بارہ ربیع الاول والے دن ”انٹرنیشنل ختم نبوت ﷺ“ کانفرنس منانے کا فیصلہ کیا۔ نہایت عجلت میں کیے گئے اس فیصلے نے بہت سے سوالات کھڑے کر دیے۔ پھر کسی سمجھ دار کے مشورے پر اس کانفرنس کا نام تبدیل کر کے ”رحمۃ اللعالمین ﷺ“ کانفرنس تجویز کر دیا گیا۔

ہم حکومت کی نیک نیتی پر شبہ نہیں کرتے۔ یقیناً وزیر اعظم عمران خان دنیا کو اسلام کا پر امن چہرہ دکھانا چاہتے ہوں گے۔ سوال مگر یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا عمران خان دنیا کو واقعی اسلام کا پر امن چہرہ دکھانا چاہتے ہیں یا پھر دنیا کو پاکستان میں اسلام کا پر امن چہرہ دکھانا چاہتے ہیں۔

پاکستان میں مسلمان اکثریت میں ہیں۔ ملک کی تقریباً پچانوے فیصد آبادی اسلام کے کسی نا کسی مسلک سے وابستہ ہے۔ اور پچانوے فیصد مسلمانوں میں سے اکثریت دیگر مذاہب کے معاملے میں عموماً عدم برداشت کا رویہ رکھتی ہے۔ خود عمران خان 11 ربیع الاول کو رحمۃ اللعالمین کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حوالے سے ایسی بات کر گئے جو اگر نا بھی کہی جاتی تو ان کے افتتاحی خطاب نے مکمل ہو جانا تھا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیروکار دنیا میں اکثریت کے حامل ہیں۔ ایسے میں دنیا کو اسلام کا پرامن چہرہ دکھانے کے دعویٰ پر شکوک و شبہات پیدا ہوجاتے ہیں اور گمان یہی ابھرتا ہے کہ حکومت بجائے دنیا کو اسلام کا پرامن چہرہ دکھانے کے، مذہبی شدت پسند قوتوں کے آگے سرنگوں ہونے کا پیغام دے رہی ہے۔

اگر عمران خان واقعتاً دنیا کے سامنے پاکستان میں اسلام کا پر امن چہرہ پیش کرنا چاہتے ہیں تو وہ صرف ایک کام کریں۔ آسیہ نورین عرف آسیہ بی بی کو ایک مرتبہ پاکستان سے باہر نکلنے کا موقع دے کر کے پاکستان کے مسلمانوں کو یہ موقع فراہم کر دیں کہ وہ اسلام کا پر امن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔ اور پھر دنیا کو خود بخود معلوم ہو جائے گا کہ پاکستان کے مسلمان جو رحمۃ اللعالمین ﷺ کے نام لیوا ہیں کس طرح اسلام کا پر امن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔


اویس احمد

پڑھنے کا چھتیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ اب لکھنے کا تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ کسی فن میں کسی قدر طاق بھی نہیں لیکن فنون "لطیفہ" سے شغف ضرور ہے۔

awais-ahmad has 122 posts and counting.See all posts by awais-ahmad