کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات دور کریں گے : چوہدری نثار
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کے رہنماوں کو کراچی میں آپریشن کے حوالے سے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل اور کنور نوید جمیل شامل تھے جب کہ اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ایم کیوایم نے کراچی میں جاری آپریشن، کارکنوں کی ماورائے قانون حراست اور لاپتہ افراد سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر رشید گوڈیل نے کہا کہ انہیں دن دیہاڑے قتل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اب تک ملزمان گرفتار نہیں کئے جاسکے اور پولیس کی جانب سے بھی تفتیش کے بارے میں کوئی آگاہی فراہم نہیں کی جارہی۔ وزیرداخلہ نے ایم کیوایم کے رہنما کے تحفظات سننے کے بعد انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).