سپریم کورٹ کے فیصلے نے سارا پاکستان رکوا دیا: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور


وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نو ر الحق قادری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے سارے پاکستان کو رکوا دیا اور اربوں کا نقصان ہوا اور لوگ بھی متاثر ہوئے۔ دینی حلقوں، علما کے احساسات کو بطور وزیر مذہبی امور حکومت تک پہنچانا میرا فرض ہے اور حکومت کا دفاع کرنا بھی میرا فریضہ ہے ۔

جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت کا کام یہ نہیں کہ وہ کہے کہ آسیہ مسیح کا فیصلہ شرعی تقاضوں کے مطابق ہے یا نہیں بلکہ یہ سپریم کورٹ کا کام ہے کہ اس کی تشریح کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں بہت سے لوگ ایسے ہوں گے جو اس فیصلے کودرست سمجھتے ہیں لیکن بہت سے لوگ ایسے بھی ہوں گے جو اس فیصلے کو درست نہیں سمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا کہ ان کی معذرت قبول کرلی گئی ہے اور ان کی تقریر کی بنا پر کسی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ آسیہ مسیح اس وقت ریاست کی تحویل میں ہے اور حکومت اپنے اس معاہدے پر قائم ہے کہ جب تک نظر ثانی درخواست کا فیصلہ نہیں ہوجاتا آسیہ مسیح کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا ۔

بشکریہ: روز نامہ پاکستان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).