چند متاثر کرنے والے گناہگار


پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے کے مطابق چھیالس فیصد گناہ گار مرد اور چھ فیصد گناہ گار خواتین تمباکو نوشی کرتے ہوئے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نئے پاکستان میں تازہ ترین فتوے کے مطابق تمباکونوشی کرنے والا انسان ’گناہ‘ کا مرتکب تصور کیا جائے گا اور اگر وہ اپنے گناہ کو جاری رکھنا چاہتا ہے تو اسے گناہ ٹیکس کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ کم و بیش تمام نوجوان اپنے بڑوں کو تمباکونوشی جیسا گناہ کرتا ہوا دیکھ کر شدید متاثر ہوتے ہیں۔ بڑوں میں والد، دادا وغیرہ یا اپنی پسندیدہ شخصیات شامل ہیں۔

لہذا اس تحریر میں ان شخصیات کا ذکر کرنا چاہوں گا جنہیں دیکھ کر کئی نوجوان تمباکو نوشی جیسے گناہ سے متاثر ہوئے۔ ان شخصیات میں اول درجہ پر حقیقی پاکستان کے بانی جناب محمد علی جناح کا نام ہے جن کی تمباکو نوشی والی تصاویر بچپن سے دیکھتے آرہے ہیں۔ مگر افسوس کہ نئے پاکستان کے مطابق بانی پاکستان جناح صاحب تمباکو نوشی کر کے گناہ کے مرتکب ہوئے تھے اور افسوس کے ساتھ وہ گناہ ٹیکس کی ادائیگی بھی نہ کر سکے۔

دوسری اہم شخصیت پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد جناب شہید ذوالفقار علی بھٹو ہیں جنہیں دیکھ کر تمام جیالے اور غیر کئی غیر جیالے تمباکونوشی کا گناہ کرتا ہوا دیکھ کر شدید متاثر ہوئے۔ مگر افسوس کہ بھٹو صاحب بھی نئے پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے پر گناہ کے مرتکب ہوئے اور گناہ ٹیکس کی ادائیگی بھی نہ کر سکے۔ اہم شخصیات میں شامل سابق آرمی چیف اور صدر پاکستان جناب پرویز مشرف صاحب کا نام بھی ہے۔ جنہیں دیکھ کر پاک فوج سے محبت کرنے والے کئی نوجوان شدید متاثر ہوئے۔

مگر افسوس کہ نئے پاکستان میں وہ بھی تمباکو نوشی جیسے گناہ کے مرتکب ٹھہرے اور گناہ ٹیکس کی ادائیگی بھی نہ کرسکے۔ نوجوانوں کے پسندیدہ جناب شیخ رشید جن کی باتیں ہر پاکستانی کو متاثر کرتی ہیں۔ مگر افسوس کہ وہ بھی اس نئے پاکستان میں تمباکو نوشی جیسے گناہ کے مرتکب ہوئے مگر اچھی بات یہ ہے کہ وہ زیادہ گناہ کے مرتکب نہیں ہوئے کیونکہ وہ تو گناہ ٹیکس کی ادائیگی کیا کریں گے۔

خدا اس نئے پاکستان میں تمام غریب گناہ گاروں کو ہدایت دے اور انہیں اپنے غم بھلانے کے لیے تمباکونوشی کے علاوہ کوئی ثواب والے ٹوٹکے عطا کرے۔ آج بھی اس امید میں سگریٹ پیتا ہوں۔ کبھی تو جلے گی سینے میں رکھی تصویر اس کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).