انسانی طاقت لامحدود ہے، لیکن انسان لاعلم کیوں ؟

جب ایک شہر میں خوشیاں رقص نہیں کررہی تو کیسے ایک ملک اور پوری دنیا میں خوشگوار کیفیت پیدا ہوسکتی ہے؟ والدین جو ہم سے چاہتے ہیں وہ ہم نہیں کرپاتے اور ہم والدین سے جو توقعات وابستہ کرتے ہیں، وہ توقعات پر پورا نہیں اترتے۔ جس طرح ہم دوستوں سے توقعات باندھ لیتے ہیں، وہ توقعات پر پورا نہیں اتر پاتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہرانسان خود کچھ نہ کچھ کرناچاہتا ہے۔
لیکن مسئلہ یہ بھی نہیں ہے۔ مسائل ہر انسان خود اپنے لئے پیدا کرتا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ انسان جو چاہتا ہے وہ سوفیصد نہیں ہوپاتا۔ اس کی خواہشیں ہر لمحے کے ساتھ بڑھتی اور طوالت اختیار کرتی چلی جاتی ہیں۔ جب یہ خواہشات مکمل نہیں ہوپاتی تو ایک دوسرے پر الزامات کا کھیل شروع ہوجاتا ہے۔ اس سے خوشی، خوشگوار کیفیت اور مسکراہٹیں اس دنیا سے غائب ہورہی ہیں۔ ہر انسان ایک مکمل کائنات ہے۔ لامحدود طاقت کا مجموعہ ہے۔ زندگی صرف سانس لینے کانام نہیں ہے۔ زندگی ایڈونچر بھی ہے۔ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ انسان انسان کے لئے خوشی کا باعث نہیں بن رہا۔ اصل مسئلہ یہ کہ انسان اپنے آپ سے ناواقف اور انجان ہے۔ مسئلہ باہر کی دنیا سے نہیں ہے۔ مسئلہ انسان کی اندر کی دنیاکا ہے۔
ہم ہر مسئلے کے لئے اردگرد کی دنیا کی طرف دیکھتے ہیں۔ اپنے اندر کی دنیا سے رجوع نہیں کرتے۔ اندر کی دنیا اس کائنات سے بھی وسیع اور لامحدود ہے۔ مسائل کے حل کے لئے ہم تبلیغی عناصر کی طرف چلے جاتے ہیں، پند و نصائح سنتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں، مولوی، پیر، مفکر اور دانشور سے رجوع کرتے ہیں۔ کیا کبھی ہم نے اپنے آپ سے رجوع کیا ہے؟ اللہ کے نام پر، وطن کے نام پر، ذات پات اور رنگ ونسل کے نام پر ہم نے دنیا کو جھنم بنادیا ہے۔ کیا کبھی ہم نے سوچا ایسا ہم کیوں کرتے ہیں، یہ سب کچھ اس لئے ہورہا ہے کہ ہمیں بطور انسان اپنی زندگی کی اہمیت کا علم ہی نہیں۔ زندگی کی اہمیت سمجھنی ہے تو ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اندر کی دنیا سے وابستگی اختیار کرے۔
یاد رکھیں باہر کی دنیا کے اپنے مسائل ہیں اور اس کا حل بھی باہر کی دنیا سے ہے اور اندر کی دنیا کے مسائل کا حل بھی ہمیں وہی سے ملے گا۔ کیا کبھی ہم نے سوچا کہ ہمارے جسم کے اندر کس قدر خوبصورت سرگرمیاں ہورہی ہیں؟ کیا کبھی ہم نے ان دلفریب سرگرمیوں کی طرف دھیان دینے کی کوشش کی ہے؟ اندر کی دنیا میں جو ہلچل برپا ہے؟ کیوں ہم اس سے دور ہیں؟ سوچیں اس کائنات میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی وجہ ہم ہیں۔ اگر ہم کچھ لمحوں کے لئے انسان نہ رہیں تو دنیا تباہ ہوجائے۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے اندر کی دنیا کی کیفیت کو کبھی انجوائے ہی نہیں کیا۔
دیکھنا، کھانا، سونگھنا صرف یہ زندگی نہیں ہے۔ زندگی کی اور بھی بہت سے لامحدود ادائیں ہیں جس سے ابھی تک ہم انجان ہیں۔ ہم نے صرف سرحدوں، ملکوں، عقیدوں، رنگ و نسل، وطن پرستی، قوم پرستی اور ذات پات کے نظریے سے دنیا کودیکھا ہے۔ اسی وجہ سے ہماری دنیا سے خوشیاں روٹھ گئی ہیں۔ اگر انسان نے مقابلہ بازی کرکے، ایک دوسرے کے عقیدے، ملک اور قوم کو بہترین ثابت کرکے صرف بقا کے لئے جیناہے تو ٹھیک ہے۔ لیکن اگر انسان نے زندگی کو جاننا ہے تو اور بہت کچھ ہے؟ سوال یہ ہے کہ کیا انسان کو صرف اپنے سروائیول کے لئے زندگی گزارنی چاہیے؟
کسی ایک انسان کو اس پوری دنیا کا شہنشاہ بھی بنادیا جائے تو پھر بھی اس کے اندر مزید کچھ بننے کی خواہش رہتی ہے۔ وہ لامحدود ہوناچاہتا ہے۔ لیکن صرف باہر کی دنیا کو دیکھ کر ہم لامحدود نہیں ہوسکتے۔ آنکھوں سے نظر آنے والی اس دنیا میں باونڈریز ہیں، لامحدودیت صرف انسان کو اس وقت نصیب ہوتی ہے جب وہ اندر کی دنیا سے لو لگاتا ہے۔ حقیقت میں انسان کے اندر کی دنیا میں لامحدود پاور ہے۔
یہ جسم گوشت اور ہڈیوں کا مجموعہ ہے جسے ہم خوراک دے کر بڑا کرتے ہیں۔ ورزشیں کرکے خوبصورت ہوتے ہیں۔ دماغ کیا ہے معلومات اور نظریات کا مجموعہ۔ کیا یہ جسم اور ذہن انسان ہے؟ سوال یہ ہے کہ کیا فطرت کی جدیدترین مشین انسان ہے؟ کوالٹی آف لائف کا نام انسان نہیں ہے۔ اگر کسی انسان کے پاس جدیدترین اور آلائش سے مزین گھر ہے، قیمتی ترین گاڑی ہے، ہر قسم کی سہولیات ہیں۔ کیا اسی کا نام زندگی ہے اور کیا اسی کا نام انسان ہے؟ انسان وہ ہے جو زندگی کے ایکسپیرئینس کو انجوائے کرتا ہے۔ جو اپنے اندر کی لامحدود طاقت سے واقف ہوتا ہے۔ جس دن ہم انسان اپنے اندر کی دنیا کی گہرائی سے واقف ہوگئے، اسی دن ہمیں معلوم ہوگا کہ ہم کیا ہیں، یہ زندگی کیا ہے

