رمیش کمار نے سستی شہرت کے لئے شراب کی قرار داد پیش کی: فواد چوہدری


 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ہی جماعت کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو سستی شہرت کا متلاشی قرار دے دیا۔ جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں فواد چوہدری نے پی ٹی آئی ایم این اے رمیش کمارکے قومی اسمبلی میں شراب کے خلاف قرارداد لانے پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس کو شراب پینی ہوتی ہے وہ کہیں سے بھی لے کر پی لیتا ہے۔ رمیش کمار نے سستی شہرت کےلئے شراب کی قرار داد لانے کی کوشش کی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہوا، جس میں حکومتی اقلیتی رکن رمیش کمار نے شراب کے لائسنس کی منسوخی کا بل پیش کیا اور اس پر رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔ حکومتی رکن کے بل کی حمایت متحدہ مجلس عمل کے ارکان نے بھی کی جبکہ رمیش کمار نے کہا کہ شراب تمام مذاہب میں حرام ہے لہٰذا اس کی فروخت بند کی جائے۔

پارلیمانی سیکریٹری قانون ملیکہ بخاری نے کہا کہ ایسا بل پہلے بھی پیش ہو چکا ہے مگر نتیجہ نہیں نکلا لہٰذا بل متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا جائے۔ حکومتی رکن نے بل پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا لیکن بل پر ڈپٹی اسپیکر نے رائے لی اور کثرت رائے سے بل پیش کرنے سے روک دیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).