خواتین گلوکاروں کے گانے زلزلوں کا سبب بنتے ہیں: اسلامی سکالر
آسٹریلیا کے مسلم سکالرنسیم عابدی نے آلات موسیقی کو گناہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سن کر لوگوں کو زنا کی ترغیب ملتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے خواتین گلوکاروں اور زلزلوں کے درمیان ایسا تعلق بیان کیا ہے کہ ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق سڈنی کی ایک مسجد میں خطاب کرتے ہوئے نسیم عابدی نے کہا کہ ”خواتین گلوکاروں کے گانے زلزلوں کا سبب بنتے ہیں۔“اپنی اس بات کی دلیل کے طور پر انہوں نے ایک حدیث بیان کی جس میں کہا گیا ہے کہ ’جہاں لوگ شراب پئیں گے اور عورتوں کے گانے سنیں گے یا موسیقی کے آلات بجائیں گے وہاں زلزلے آئیں گے اور پتھروں کی بارش ہو گی۔‘
نسیم عابدی کا مزید کہنا تھا کہ ”آج کل کی جدید موسیقی شراب سے بھی زیادہ نشہ آور ہے۔ لوگ اس کے اس قدر عادی ہو جاتے ہیں کہ پھر اس کے بغیر رہ نہیں پاتے اور یہ ان کے جنسی جذبات کو ابھار کر انہیں بے راہ روی پر ڈالتی ہے۔ خاص طور پر خواتین گلوکاراﺅں کے گیت اخلاق باختگی کا سبب بنتے ہیں۔ موسیقی ایک ایسی چیز ہے جسے ہمیشہ سے شراب اور زنا کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ جو والدین اپنے بچوں کو موسیقی سننے اور ڈانس کرنے کی اجازت دیتے ہیں انہیں اپنے عمل پر غور کرنا چاہیے۔“


