سردار دوست محمد خاں کھوسہ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا
مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خاں کھوسہ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خاں کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان 22 دسمبر کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں کریں گے۔ سردار دوست محمد خاں کھوسہ نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے والد سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ (واضح رہے کہ سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ صحافیوں کو اپنا پورا نام لکھنے اور بولنے کا حکم بلا استحقاق دیتے ہیں) کی اجازت سے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ موجودہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔ وہ 1999 میں مختصر مدت کے لئے گورنر پنجاب بھی رہے ہیں۔
سردار دوست محمد خاں کھوسہ 2008ء میں مختصر مدت کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی رہے ہیں۔ سردار دوست محمد خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ انہوں نے آصف زرداری کی سیاسی بصیرت اور بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت کی وجہ سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ مستقبل بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔ ان کے ساتھ مل کرعوام کی خدمت کریں گے۔
سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ڈیرہ غازی خان میں جلسے کی دعوت بھی دوں گا۔ تاہم انہوں نے تصدیق نہیں کی کہ ان کے حقیقی والد سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ (حال مقیم پاکستان تحریک انصاف) مجوزہ جلسے میں شریک ہوں گے یا نہیں۔


