مسلم لیگ (ن) نے پاور شو کا فیصلہ کر لیا: کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنےکی ہدایت


سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں دو مقدمات کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنی عوامی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ قیادت کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنوں کو کل احتساب عدالت پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے کل احتساب عدالت کے باہر پاور شو کرنے کا پلان بنا لیا ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی بھی بنا لی گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف ہنگامی طور پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے اسلام آباد میں اپنے وکلا اور قانونی مشیروں کو طلب کر لیا ہے جن سے وہ کل ہونےوالے ممکنہ فیصلے کے حوالے سے قانونی مشاورت کر رہے ہیں اور سزا ملنے کی صورت میں مستقبل کی حکمت عملی طے کر رہے ہیں۔

آج نواز شریف اور شہباز شریف نے منسٹر انکلیو میں ملاقات کے دوران بھی متوقع فیصلے پر گفت و شنید کی۔  نواز شریف شہبازشریف سے ملاقات کے بعد مری روانہ ہو گئے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سُنیں گے جبکہ مسلم لیگ ن کےسینئر رہنما بھی نوازشریف کےہمراہ ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو بھی احتساب عدالت کے باہر جمع ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ راولپنڈی اوراسلام آباد کےکارکنوں کو کل احتساب عدالت پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اراکین اسمبلی بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ مقامی قیادت اور بلدیاتی نمائندوں کو کارکنوں کو لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔          

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).