کسی کے باپ کا نوکر نہیں کہ ایک دن کے نوٹس پر جواب دوں: فیصل واوڈا


 

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی پر غیر شائستہ و غیر پارلیمانی رد عمل دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ کسی کے نوکر نہیں کہ ایک دن کے نوٹس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش ہوجائیں، وہ بھی ایسے مجرم کے سامنے جو جیل سے آ کر اجلاس کے صدارت کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نوٹس کوئی آسمانی فرمان نہیں۔ شوباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں صرف ڈرامےبازی اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ صرف وزیراعظم عمران خان اور اعلیٰ عدلیہ کا حق ہے کہ مجھ سے جواب مانگے۔

اسلام آباد میں مہمند ڈیم کی تعمیر سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ 13 جنوری کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جس وقت مہمند ڈیم کی تعمیر کی بڈنگ ہوئی تھی اس وقت ہماری حکومت نہیں تھی، رزاق داؤد کا اس کمپنی سے کوئی تعلق نہیں۔ جس کو ٹھیکا ملا، وہ اس کمپنی سے مستعفی ہو چکے ہیں۔