مجھے نیا نام نہ دو!


میں نیا ہوں نہ پرانا میں صرف پاکستان ہوں جناب ِ عالی، میرا تشخص بگاڑنے کا کسی کو حق نہیں، پاکستان کے حکمرانوں کو بھی نہیں، نہ پاکستان میں رہنے والوں کو۔ سیاسی نعرے بازی ایک طرف لیکن میں پاکستان ہوں صرف پاکستان، نہ نیا نہ پرانا، یہ پاکستانی اچھی طرح سے جان لیں۔ نئے پاکستان کی رٹ لگانے والے صرف پاکستان کا لفظ استعمال کریں کیونکہ پاکستان اہم ہے میری بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ آج اکہتر سال کا ہونے کو آرہا ہوں کیا کسی کا نام اس عمر میں بدلتے دیکھا ہے جو میرا نام ”نیا پاکستان“ رکھ دیا گیا۔ کوئی اپنی ماں کا نام بھی بدلتا ہے؟

نیا پرانا کچھ نہیں ہے ہر دور میں اچھے کام بھی ہوئے ہیں اور برے بھی تو اس کا مطلب ہے میرا نام بدل دیا جائے، نام بدلنے کے بجائے عوام کی حالت بدلنے پر غور کیا جائے، عام آدمی کو تمام ضروریات پہنچاؤ کیونکہ غریب پاکستانی ہیں جو ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ ان کا جینا مرنا یہیں ہے فاقے کریں یہیں رہیں گے۔ پیٹ بھر روٹی ملے گی تب بھی یہیں کام کریں گے۔ میرے نام کے ساتھ نیا پرانا لگانا بند کردو، حکمران نئے پرانے ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان نیا پرانا نہیں ہوسکتا۔

اچانک اذان کی آواز سے میری آنکھ کھل گئی، اوہ یہ خواب تھا۔ مجھے یاد آیا میں اخبار پڑھتے پڑھتے سوگئی تھی، اخباری خبروں میں وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کی خبر کہ ”یہ ہے نیا پاکستان“ وزیراعظم کا وزیراعلیٰ پنجاب کی بزرگ دیہاتیوں کے ساتھ تصویر پر ٹویٹ، دوسری خبر ڈاکٹر کی میرٹ کے خلاف تقرری ”یہ ہے نیا پاکستان ملک ایسے چلانا ہے“ میرٹ پر آنے والے ڈاکٹر کو چھوڑ کر وزیراعلیٰ سے تعلق رکھنے والے کی تقرری کی گئی، خدا کا واسطہ سیاسی وابستگیاں چھوڑ دیں، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، یہ دو بیانات ایسے ہیں جس میں ایک دوسرے کو پاکستان کی ذات کو استعمال کرتے ہوئے نیا پاکستان لفظ کو تعریفی اور طنزیہ انداز میں استعمال کیا گیا ہے۔ پرا نہ مانیں وزیراعظم پاکستان تو صرف پاکستان کا لفظ استعمال کریں۔ نیا پاکستان کی اصطلاح جچتی نہیں ہے اور نہ ہی درست ہے آپ وزیراعظم اعظم پاکستان ہیں، کوئی آپ کو وزیراعظم نیا پاکستان نہیں کہتا۔

یہ پاکستان ہی تھا جس نے آپ سب کو اتنے برسوں پالا نام دیا، پاکستان ہی تھا جہاں آپ ورلڈ کپ کرکٹ جیت کر لائے۔ وہ پاکستان کی کرکت ٹیم تھی اور پاکستان کے لیے کپ جیتا۔ پاکستان میں ہی سیاست کرکے آپ نے جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا، تو یہ نیا لگانے کی کیا ضرورت ہے لفظ پاکستان ہی استعمال کریں کیونکہ یہ نیا پرانا کی بحث پاکستان کے لیے اچھی نہیں پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا ہے پاکستان سے ہی ہم نے سب کچھ حاصل کیا ہے اس لیے اس طنزیہ لفظ کو استعمال کرنا بند کردیں۔

پاکستان صرف پاکستان ہے اس کا آئینی نام ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ ہے اس لیے یہی نام استعمال کیا جائے۔ آپ سمجھدار انسان ہیں تبدیلی لفظ تو آپ پر جچتا ہے لیکن نیا پاکستان بالکل نہیں۔ اس لیے اپنی حکومت کے ہر فرد کو یہ لفظ استعمال کرنے سے منع کردیں۔ پاکستان کا لفظ بہت پیارا ہے، پاکستان کو پاکستان کہیں نئے پرانے کی رٹ نہ لگائیں۔

پھر وہ کاغذ جگمگ جگمگ کرنے لگا
میں نے اس پر جونہی لکھا پاکستان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).