بقاکا مسئلہ


شاہی محل، جدہ

شاہی خاندان کے چنیدہ لوگوں کو بلایا گیا تھا۔ پُرتکلف کھانے کے بعد ولی عہد اور شاہزادوں کو مخاطب کرتے ہوئے بادشاہ نے کہا کہ شاہی خاندان کے لوگ جس طرح سے دولت خرچ کررہے ہیں اس تھوڑی سی تفصیل میں آپ لوگوں کو بغیر نام لیے بتانا چاہتا ہوں۔ آج کی میٹنگ میں نے اسی لیے بلائی ہے۔ یہ ساری تفصیلات صرف ایک ماہ کی ہیں۔

لندن اور پیرس کے جوئے خانوں میں سعودی شہزادوں اور شہریوں نے تقریباً تین سو ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔
اسپین کے دورے پر ایک ہی شاہی خاندان نے ایک سو دس ملین ڈالر خرچ کیے۔ بنکاک میں ایک اور جائداد خریدی گئی ہے اور مستقل طور پر عیاشی کا انتظام کیا گیا ہے جس میں ابھی تک ستر ملین ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں۔

ملائشیا، انڈیا، پاکستان اور آسٹریلیا میں شہزادوں نے مل کر دو سو ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔ یہ اخراجات شکار اور مختلف قسم کی عیاشیوں پر ہوئے ہیں۔
شاہی خاندان کے ہی لوگ روس، ترکی، انڈونیشیا، جرمنی میں مختلف طریقوں سے ملین میں خرچ کررہے ہیں اور وہاں سے بھی مختلف جہازوں میں سامان اور عورتیں آتی جاتی رہتی ہیں، ان کی بھی تفصیلات ہمارے پاس موجود ہے۔

اس سے پہلے بھی میں نے شہزاوں اور شاہی خاندان کے لوگوں کو آگاہ کیا تھا کہ دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ یورپ، امریکہ، جاپان، ہندوستان جہاں کہیں بھی شاہی اصراف ہوتا ہے لوگوں کو پتہ لگ جاتا ہے، ان ملکوں میں اخبارات، ٹی وی وغیرہ کو غیر ضروری آزادی دے دی گئی ہے اور اب کوئی بھی چیز خفیہ یا ذاتی نہیں رہی ہے۔ اب ہمارے ہر اِیشو پر باتیں ہوتی ہیں اور اب کچھ زیادہ ہی باتیں انسانی حقوق اور عورتوں کی آزادی کے بارے میں ہورہی ہیں۔ ہمیں کچھ احتیاط کرنی ہوگی، ساتھ مل کر اس مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔ اپنے طور طریقوں کو اگر بدل نہیں سکتے ہیں تو کم از کم ایسا تو کریں کہ دنیا کے لیے قابل قبول ہو۔ ہر اسلامی اور غیر ملک میں سعودی شاہی خاندان ایک مذاق۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ایوان صدر قاہرہ

سیکورٹی ایجنسی کے لوگوں کی میٹنگ ختم ہوئی تھی اورصدر نے فیصلہ کردیا تھا کہ نرمی کسی سے نہ کی جائے، نہ اخباروں سے، نہ دانشوروں سے، یونیورسٹی کالجوں کے پروفیسروں سے اور نہ اسلامی جماعت کے لیڈروں سے۔ جو بھی حکومت، صدر مملکت اور صدر کے خاندان کے بارے میں غلط یا توہین آمیز بات کرے اسے گرفتار کرلیا جائے۔ ملٹری پولیس، ملٹری گارڈ، نیوی ایئرفورس میں بھی کوئی ایسا نظر آئے جو خطرہ بن سکتا ہے اسے غائب کردیں، صاف بغیر کسی ثبوت کے بہت سختی کے ساتھ کسی قسم کی نرمی کے بغیر۔

صدر کی دوسری میٹنگ وزیرتعلیم اور وزیر صحت کے ساتھ تھی۔ صدر نے ان کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ تعلیم کے سارے بڑے عہدوں وزیرتعلیم، سیکریٹری تعلیم، ڈائریکٹر تعلیم، وائس چانسلر، ڈین، پرنسپلز کے عہدوں پر صرف وہی لوگ فائز تھے جو حکومت سے اتفاق کرتے تھے، یہ پالیسی بہت اچھی ہے کہ یورپ امریکہ کے پڑھے ہوئے قابل لوگوں کو کہیں بھی نہ گھسنے دیں بلکہ کوشش کی جائے کہ یہ لوگ واپس وہاں چلے جائیں، یہ لوگ وہاں پڑھتے ہیں پھر وہاں کی باتیں یہاں کرتے ہیں۔

قابلیت، عوام کی صحت، عوام کی تعلیم، جمہوریت، شخصی آزادی اور انسانی حقوق کی باتیں بالکل درست ہیں لیکن ابھی ہمارا ملک بہت پیچھے ہے، ابھی وہاں کی باتیں یہاں پر نہیں لاگو کی جاسکتی ہیں۔ وقت آنے پر ہماری اس دس ہزار سالہ پرانی تہذیب و ثقافت میں بھی جمہوریت ہوگی، انسانی حقوق ہوں گے، تعلیم ہر ایک کو دی جائے گی، غربت کا خاتمہ ہوگا۔ اور ملک میں ہر ایک کے لیے ہسپتال ہوں گے، عورتیں حمل کے دوران نہیں مریں گی اور ملیریا، ٹی بی، کالرا سے کوئی نہیں مرے گا، مگر اس وقت تو یہ ممکن نہیں ہے، ابھی جمہوریت ہمارے ملک کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے، وہاں کی باتیں یہاں نہیں چل سکتی ہیں، کمیونسٹ اور اسلامی جماعت کے لوگ ملک کے لیے خطرہ ہیں، ان سے بچنا ضروری ہے اور ملک کو ان سے بچانا بھی ضروری ہے۔

صرف انہی لوگوں کو آگے لایا جائے جو ہماری یہ باتیں سمجھتے ہیں اور ہر طرح کے تعلیمی اداروں میں پارٹی کی اس لائن کو لے کر چلتے ہیں جو حکومت کی مدد کرے گا، حکومت بھی اس کی مدد کرے گی اور جو حکومت کی مدد نہیں کرے گا اس کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ اُردن، لیبیا، شام، امارات، یمن، ہر ایک سے معاہدہ ہے۔ کوئی بھی فسادیوں کو پناہ نہیں دے گا۔ مگر ہمیں ان لوگوں کو موقع ہی۔ ۔ ۔ ۔ ۔

بیجنگ یونیورسٹی، چائنا

ساری دنیا کے ٹیلی ویژن کے نمائندوں کے سامنے بیجنگ یونیورسٹی کے بڑے ہال میں کلوننگ سے پیدا شدہ سور کو پیش کیا گیا تھا۔ سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ہاؤچنگ ہاؤ نے بتایا کہ کلوننگ سے ہم انسان بھی بناسکتے ہیں کیونکہ اس ٹیکنالوجی پر ہم کو عبور ہے مگر ہمارا مقصد انسان بنانا نہیں ہے کیونکہ چائنا میں انسانوں کی کمی نہیں ہے، اس ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ اس کے ذریعے سے انسانوں کی بہت سی بیماریوں کا علاج کیا جاسکے اور ساتھ میں جانوروں کی فارمنگ اور مختلف فصلوں کی پیداوار کو بڑھایا جاسکے۔

ہاؤچنگ چی ہاؤ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلوننگ کی جو ٹیکنک ہم نے ایجاد کی ہے وہ دنیا میں کسی کے پاس نہیں ہے، اس وقت دنیا کے بیالیس ملکوں میں کلوننگ کی جارہی ہے مگر ہمارا بالکل نیا طریقہ ہے اور اس طریقے سے بہت مختلف جس کے تحت ہم پہلے بھی مختلف جانور بناچکے ہیں۔ یہ ممکن ہے کہ اس ٹیکنالوجی پر عبور کے بعد ایسے بچے پیدا ہوں جو ماں باپ کی فرمائش کے مطابق ہوں مثلاً ان کی آنکھوں کا رنگ کیا ہو؟

یا ان کا قد کتنا ہو؟ یا ان کے چہروں کی بناوٹ کیسی ہو؟ مگر فی الحال اس مرحلہ پر یہ ہماری فوقیت یہ نہیں ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد فی الحال صرف ایسی بیماریوں کا علاج تلاش کرنا ہے جن کی وجہ سے ہزاروں لاکھوں قابل کار آمد لوگ موت کا شکار ہورہے ہیں۔ یا ایسے طریقے ڈھونڈھنا ہے جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔ اب کلوننگ کے اس طریقے کو عملی شکل دی جائے گی، پھر ہم صرف ہونان میں اتنا غلّہ اُگائیں کہ پورے چین کے لیے کافی ہوگا، صرف تنزانیہ کی فصل پورے افریقہ کا پیٹ بھرے گی۔ صرف نکاراگوا۔ ۔ ۔ ۔ ۔

شکاگو، امریکہ

محفل میلاد کے بعد شازیہ نے اپنے بیٹے صمد کو بلایا تھا۔ شازیہ ڈاکٹر تھیں جنہوں نے امریکہ آکر اپنے شوہر کے فیصلے کے مطابق گھر بیٹھ کر بچوں کی پرورش کا فیصلہ کیا تھا۔ شازیہ نے کراچی کے سارے امتحانات اچھے نمبروں سے پاس کیے تھے، امریکہ کے امتحانات بھی پاس کرکے کام کرنا چاہتی تھیں کہ ان کی شادی ہوگئی، ان کے شوہر کا خیال تھا کہ عورت کا مقام تو گھر ہے اور گھر میں بیوی کا کام بچوں کی دیکھ بھال اور شوہر کی خدمت گزاری ہے۔ ایک اچھی ماں کے بغیر اچھی اولاد پرورش نہیں پاسکتی ہے۔ شازیہ نے ان کے فیصلے کومان لیا تھا۔ شازیہ کے شوہر شکاگو کے دل کے امراض کے بڑے ماہر تھے اور ان کی بہت اچھی پریکٹس تھی۔ چاروں بچے اسکول میں اچھا پڑھ رہے تھے، اور امتحانوں میں ہمیشہ اپنے ہم جماعتوں سے آگے تھے۔
شازیہ نے حاضرین کو بتایا کہ صمد نے ریسرچ کی ہے اور ہر طرح کے اسٹورز سے ایسی چیزوں کو جمع کیا ہے جن کو کھانا پینا حرام ہے اس کے بارے میں صمد سب کو بتائیں گے۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4