ایسا بھی ہوتا ہے، خوشیوں کا بازار


انسان نِہایت نَرم مزاج ہونے کے ساتھ ہی نِکو سِیرت ہو، تو شخصیت پر چار چاند لگ جاتے ہیں۔ کیونکہ سِیرت ہی انسان کے باطن کی عکاسی کرتی ہے، جو بظاہر دکھائی نہیں دیتا ہے۔ لیکن جب انسان کا نام ہی سِیرت ہو، تو کیا ہی بات ہے۔ اگر سِیرت نام کے ساتھ عباس ہو، تو شخصیت با کردار، با وفا معلوم ہوتی ہے۔ کیونکہ عباس علمدار ؑ کی شخصیت شجاعت، وفا کا پیکر ہے۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ میں کسی نیک انسان کی بات کر رہا ہوں، تو بالکل صحیح سوچ رہے ہیں، بالکل میں محترم سید سِیرت عباس زیدی کی بات کر رہا ہوں۔ سِیرت عباس دیارِ غیر میں رہ کر اپنے مُلک کے یتیم، بے سہارا مُفلس لوگوں میں خوشیاں بانٹتے ہیں۔ یہ وہ انسان ہیں، جو فرشتے کے رُوپ میں انسانیت کی خدمت کرکے احکام شریعہ کے وفادار انسان ہونے کی وجہ سے امتیازی مقام رکھتے ہیں۔

جناب سِیرت عباس پاکستان کے غریب، مُفلس، یتیم بچوں کی نہ صرف امداد کرتے ہیں بلکہ اِن میں خوشیاں بانٹنے کے لیے ہر سال ”مال آف اسمائل“ کا انعقاد کرتے ہیں۔ جس میں غریب یتیم بچوں کے لیے استعمال کی اشیاء تحفے میں اِن کو دی جاتی ہیں۔ ”مال آف اسمائل“ ایک ایسا بازار ہے، جہاں پر یتیموں کی کفالت اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ وہ یتیم طبقہ ہے، جس کو ہمارے میں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ یتیمی ایک ایسا درد ہے، جس کو صرف ایک یتیم ہی محسوس کر سکتا ہے۔

”مال آف اسمائل“ جیسے مُنفرد بازار کا آغاز جولائی 2016 میں پہلی مرتبہ ہوا تھا۔ اِس کے بعد اِس سفر کو جاری رکھا؛ اور دوسرے سال اِس کا انعقاد مارچ 2017 میں کیا گیا تھا۔ جس کے بعد اِن کامیابیوں کا سفر طے کرتے ہوئے نئی امنگیں پیدا ہوئیں۔ سوچ کی وسعت اور تمام لوگوں کی انتھک محنت کے بعد اِس سال بھی جنوری 2019 میں اِس کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ اِس سال پروگرام کو ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی علیہ وآلہ وسلم سے منسوب کیا گیا تھا۔ تاکہ اِن کی سیرتِ طیبہ ؐ پر عمل کرتے ہوئے ضروت مندوں کی ضرویات کو پورا کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

انسان کو خدا کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ لیکن اگر خدا کی دی گئیں، وہ نعمتیں خدا کی مخلوق کے ساتھ بانٹی جائیں، تو اِس سے خدا بھی راضی ہوگا۔ کیونکہ مخلوق کی رضامندی میں ہی خدا کی خوشنودی پنہاں ہے۔ اگر خدا باری تعالٰی نے آپ کو اپنی بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، تو اِن نعمتوں کو یتیم، بے سہارا بچوں میں بانٹ کر ہی خدا کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).