ایک شام، حاشر ابن ارشاد کے نام


حاشر ابن ارشاد کی تحریریں ہمیشہ دل و دماغ پر ایک عجیب اثر چھوڑتی رہی ہیں۔ یہ نہیں کہ حاشر کوئی مافوق الفطرت شخصیت یا خاتم العلما ہیں کوئی صوفی ہیں یا موٹیویشنل اسپیکر۔ لیکن ان کی تحریر یا بحث، فکر کے نئے دروازے ضرور کھولتی ہے اور ہم جیسے طالب علموں کو سیکھنے اور سوچنے کی دعوت ضرور ملتی ہے۔

آپ ان سے اختلاف کر سکتے ہیں بلکہ کرتے ہیں، اس لئے کہ وہ روایات شکن ہیں اور آوٹ آف باکس سوچتے ہیں۔ جبکہ ہم ابھی تک اسی باکس کے اندر تک ہی دیکھتے اور انہی زاویوں کے اسیر ہیں جن میں ہمیں بچپن سے قید کر دیا گیا تھا۔ یہ ضرور ہے کہ ان سے دلیل کے ساتھ اختلاف کرنے کے لئے اچھا خاصاعلم ہونا بہت ضروری ہے۔

ہفتہ 26 جنوری کی شام کافی پلانیٹ راولپنڈی میں ان کے نام رہی۔ بہت کچھ سنا اور اس سے بہت زیادہ تشنگی باقی رہی۔ کتاب، مطالعہ، فکر، شخصیت پرستی، پاکستان کا مستقبل، جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ شفیق الرحمن کا مزاح، ن م راشد اور مجید امجد کی نظمیں سنی گئیں۔

آخر میں حاشرنے کچھ اپنے لکھے گئے کالم اپنی زبانی سنائے۔ ان کے سسر اور ہم سب کے محترم جناب انور مسعود کی نظم “امبڑی” آخر میں سنی جاتی ہے، حاشر کا ان کا اپنی والدہ پر مضمون آخری تھا، “ میں پتنگ کیوں نہیں اڑاتا”۔ اچھا کیا حسنین جمال نے اس مضمون کے بعد پروگرام کے اختتام کا اعلان کر دیا۔ اس کے بعد نہ حاشر میں کچھ سنانے کی ہمت تھی تھی نہ حاضرین میں سننے کی تاب۔

براہ راست ملاقات میں موصوف کی تحریروں کو خود ان کی زبانی سننے کا الگ ہی مزا تھا۔ تحریر میں جذبات اور تاثرات کی آمیزش نے انہیں اور پراثر اور متاثر کن بنا دیا۔

محفل میں عاصم بخشی، حسنین جمال، وقار ملک سے بھی پہلی ملاقات ہوئی۔ لینہ آپا، فرنود عالم ، ارمغان داود، اویس احمد، ہارون ملک بھی محفل کے ستارے تھے۔ یدبیضا اور ظفر عمران کی کمی محسوس ہوئی۔ وسی بابا کی بہت زیادہ کمی تھی لیکن انہوں نے ایک دن پہلے ہی بتا دیا تھا کہ آں حضرت تشریف نہیں لا سکیں گے۔

بہرحال ایک اچھی شام کا خوشگوار اختتام ہوا۔ اس خواہش کے ساتھ کہ پھر کسب فیض کریں گے۔ یہ لوگ ہمدم دیرینہ نہ سہی لیکن روشن چہروں والے خوبصورت لوگ ہیں جن کی رفاقت حوصلہ دیتی ہے، اجالا کرتی ہے، شخصیت کو نکھرنے میں مدد دیتی ہے۔ لینہ آپا اور ید بیضا کی سجائی گئی یہ محفلیں شاندار روایات کی امین بنتی جا رہی ہیں۔ امید ہے، یہ سلسلہ جاری رہے گا بلکہ پہلے سے زیادہ پھلےپھولے گا۔

لینہ آپا سے انور مسعود صاحب کے ساتھ ایک شام کی درخواست کی ہے، کافی پلانیٹ چھوٹا پڑ جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).