فیصل واوڈا سیاسی جوڑ توڑ کے لئے لاہور پہنچ گئے
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر لاہور پہنچ گئےہیں۔ فیصل واوڈا کو پنجاب میں سیاسی رابطوں کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ فیصل واوڈا آج شام کسی وقت اسلام آباد میں وزیراعظم کو ملاقاتوں میں پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت ایک طرف سندھ اور پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں میں فاروڈ بلاک بنانے کیلئے متحرک ہے، دوسری جانب پی ٹی آئی کی مرکز اور پنجاب میں اتحادی جماعت ق لیگ ناراض ہے۔ ق لیگ کی قیادت کو حکومت سے پارٹی اجلاسوں پر اعتماد میں نہ لینے اور وزراء کے راستوں میں رکاوٹیں ڈالنے کے معاملات پر تحفظات ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں بھی تحفظات دور نہ ہو سکے۔ اس کے باوجود چودھری شجاعت حسین نے حکومت کو عندیہ دیا ہے کہ حکومت کے ساتھ اتحاد میں رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا وزیراعظم کی ہدایت پر ق لیگ کی قیادت سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان توڑنے کے لئے بھی ملاقاتیں ہوسکتی ہیں۔
فیصل واوڈا مختلف جگہوں پر اس بات پر بڑے زور کے ساتھ اظہار کر چکے ہیں کہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) میں دھڑے بن جائیں گے جبکہ سندھ میں بھی تبدیلی آئے گی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا اٹھارویں ترمیم کو بھی ملک دشمنی کے مترادف کہہ چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو ہر حال میں ختم ہونا چاہیے۔

