حج پر سبسڈی عبادت کی بنیادی فلاسفی کے منافی ہے: فواد چوہدری


رواں سال پاکستان میں شمالی ریجن کے لیے سرکاری حج پیکج 4 لاکھ 36 ہزر 975 روپے ہو گا۔ جبکہ جنوبی ریجن کے عازمین کے لیے حج 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہو گا۔ حکومت کی جانب سے حج اخراجات میں اضافے کے بعد حج گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ 57 ہزار روپے مہنگا ہو گیا۔ حج اخراجات کے معاملے پر حکومت کو عوام اور اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پر بیان دیا ہے کہ حکومت حج پر ایک روپیہ بھی نہیں کما رہی۔ حج اور زکوٰۃ دو عبادات ہیں جو استطاعت رکھنے والوں پر واجب ہیں۔ سبسڈی کا مطلب یہ ہے کہ حکومت غریب لوگوں سے رقم لے کر حج کرائے۔ یہ حج عبادت کی بنیادی فلاسفی سے ہی متصادم ہے۔ حج عبادت ہے جو استطاعت رکھنے والوں پر فرض ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی محمد خان نے اس معاملے پر آج سینٹ میں بات کرتے ہوئے حج اخراجات میں اضافے کی ساری ذمہ داری سعودی عرب پر ڈال دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جو اضافہ کرتا ہے اس پر ہمارا اختیار نہیں ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عازمین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ حکومت کی جانب سے حج اخراجات میں ہوش رُبا اضافے پر عوام میں شدید غم و غصّے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Facebook Comments HS