سرکاری سکول کی نوجوان خاتون ٹیچر کی ہنی مون پر جانے کے لئے چھٹی کی دلچسپ درخواست
ایک نوجوان خاتون ٹیچر نے حال ہی میں شادی کے بعد ہنی مون پر جانے کے لئے چھٹی کی ایسی دلچسپ درخواست لکھی ہے کہ متعلقہ افسر مسکرائے بغیر نہیں رہ سکے۔
تفصیلات کے مطابق امینہ سواب گل نامی خاتون ٹیچر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں ہیڈ ٹیچر کے طور پر تعینات ہیں۔ اس کاتون کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہنی مون پر جانے کیلئے چھٹیاں حاصل کرنے کیلئے درخواست لکھی جو مںظور کر لی گئی ہے لیکن اس درخواست کے متن نے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے ۔
خاتون ٹیچرنے اپنی درخواست میں لکھا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے، شادی شدہ ہونے کے ناطے آپ بھی سمجھتی ہیں کہ نئے نویلے جوڑے کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہنی مون کو یاد گار بنائیں جس کی حسین یادیں زندگی کا حصہ بن جائیں اور ایسی ہی کچھ ہماری بھی خواہش ہے۔ میں نے اپنے شوہر سے وعدہ کر لیا ہے کہ ہم دو ہفتوں کے لئے ہنی مون پر جائیں گے جو کہ 14 فروری سے شروع ہو کر 28 فروری 2019 تک جاری رہے گا جس دوران ہم اپنا زیادہ وقت نتھیا گلی ،مری ،سوات ویلی اور مالم جبہ میں گزاریں گے ۔
خاتون ٹیچر کا کہناتھا کہ ہم نے اس حوالے سے منصوبہ بندی بھی کر لی ہے اس لیے میں آپ کی شکرگزار ہوں گی کہ آپ مجھے دو ہفتوں کی چھٹی عنایت فرمائیں تاکہ میں اپنے شوہر سے کیے گئے وعدے کی پاسداری کر سکوں اور اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنا سکوں ۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی جانب سے مثبت جواب آ ئے گا ۔



