پراپرٹی کاروبار میں ”تیزی لانے کے لئے“ جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد انکم ٹیکس میں اضافہ


اسلام آباد: ایف بی آر نے اسلام آباد سمیت تمام شہروں میں کمرشل اور رہائشی جائیدادوں کی خرید و فروخت پر ٹیکس وصولی کے لیے پراپرٹی کی ویلیو ایشن میں 20 فیصد سے زائد اضافہ کرتے ہوئے نئے ویلیو ایشن ریٹ جاری کردیے اور اسی حساب سے انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

ایکسپریس کے مطابق اس ضمن میں 20 نوٹی فکیشن جاری کیے گئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، پشاور، ملتان، مردان، جھنگ، گجرات، سکھر، حیدرآباد، سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، کوئٹہ اور جہلم اور دیگر بڑے شہروں کے لیے جائیدادوں کی ویلیو ایشن میں 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے اور اضافی قیمت پر فائلرز اور نان فائلرز سے ٹیکس وصول کیا جائے گا اس ضمن میں نئے ریٹ جاری کردیے گیے ہیں۔

اضافہ شدہ قیمت کے مطابق جائیداد کی خریداری پر فائلرز سے 2 فیصد اور نان فائلرز سے 4 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا تاہم جائیدادوں کی فروخت پر فائلرز سے ایک فیصد اور نان فائلرز سے دو فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

*کمرشل جائیداد کی فروخت؛ فائلر پر ایک فیصد اور نان فائلر پر دو فیصد ٹیکس*

اسی طرح غیر منقولہ رہائشی و کمرشل جائیداد کی فروخت پر فائلر کو ایک فیصد اور نان فائلر کو مقررہ ویلیو کا دو فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

*3 سال بعد فروخت یا 40 لاکھ سے کم مالیت کی جائیداد ٹیکس سے مستثنیٰ*

تین سال کے بعد فروخت ہونے والی غیر منقولہ جائیداد پر ایڈوانس انکم ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا اسی طرح فائلر کو 40 لاکھ تک کی جائیداد کی خریداری پر ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا اور اس سے زائد مالیت کی جائیداد پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ مذکورہ نوٹی فکیشنز میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں رہائشی جائیدادوں کی بڑھائی گئی ویلیو کے مطابق سیکٹر ڈی 12 کے لیے جائیداد کی قیمت بڑھا کر 38 ہزار 760 روپے فی مربع گز، سیکٹرای سیون کے لیے 68 ہزار 580 روپے فی مربع گز، سیکٹر ای الیون کے لیے 31 ہزار 200 فی مربع گز، سیکٹر ای 12 کے لیے 18 ہزار 371 روپے فی مربع گز، سیکٹر ایف سکس کے لیے 58 ہزار 260 روپے فی مربع گز، سیکٹر ایف سیون کے لیے 58 ہزار 260 روپے فی مربع گز، سیکٹر ایف ایٹ کے لیے 58 ہزار 260 روپے فی مربع گز، سیکٹرایف ٹین کے لیے 50 ہزار 460 روپے فی مربع گز، سیکٹر ایف الیون کے لیے 50 ہزار 460 روپے فی مربع گز، سیکٹر جی سکس کے لیے 49 ہزار 620 روپے فی مربع گز، سیکٹر جی سیون کے لیے 45 ہزار 720 روپے فی مربع گز، سیکٹرجی ایٹ کے لیے 45 ہزار 720 روپے فی مربع گز، سیکٹر جی نائن کے لیے 45 ہزار 720 روپے فی مربع گز کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کے رہائشی علاقوں بی سترہ، سی پندرہ، سی سولہ، ڈی تیرہ، ڈی سترہ، بی سترہ، ڈی سترہ، جی پندرہ، جی سولہ، ایف چودہ، ایف پندرہ، ایف سولہ اور ایف سترہ میں جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس ڈی سی ریٹ کے مطابق ویلیو پر وصول کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں فلیٹس کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس کی وصولی کے لیے فلیٹس کی ویلیو بڑھا دی گئی ہے جس کے مطابق جی الیون میں وردھا ہما کے علاوہ فلیٹس کی قیمت 3 ہزار روپے فی مربع گز، جی الیون وردھا ہما فلیٹس کی قیمت پانچ ہزار روپے فی مربع گز، جی تیرہ کے فلیٹس کی تین ہزار روپے فی مربع گز، آئی ایٹ کے فلیٹس کی قیمت 4 ہزار 750 روپے فی مربع گز، سلور آکس ایف ٹین کے فلیٹس کی قیمت آٹھ ہزار روپے فی مربع گز، سکھ چین ایف ٹین کے فلیٹس کی قیمت 9 ہزار روپے فی مربع گز، ایف ٹین اور ایف الیون کے دیگر ٹاور کے فلیٹس کی قیمت 5 ہزار 900 سولہ روپے فی مربع گزمقرر کی گئی ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایف بی آر کو 50 ارب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے اور ملک میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز۔

Facebook Comments HS