وسی بابا اور شنواریوں محسودوں کا جنتی دنبہ


کہتے ہیں قربانی والے دنبے پر بہہ کر ہی بندہ جنت میں کسی نہ کسی سائڈ سے داخل ہو گا۔ ہم لوگ دنبہ پکا کر کھا جاتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ ہمیں کہیں پھینکے بغیر کسی نہ کسی گیٹ سے اچھلتا کودتا اندر لے جاوے گا۔

ہم اور ہماری امیدیں۔ ہم تو چلو اتنے ہی سادہ ہیں۔ دنبہ چلاک ہوشیار ہوا تو پھر؟

بچپن لڑکپن ہو یا دور لوفری آوارگی یہ شنواریوں آفریدیوں کے ساتھ گزرا۔ شنواری زیادہ تھے، بلکہ تین چوتھائی شنواری ہی تھے۔ آفریدی ذرا کم تھے اردگرد لیکن برابر ہی لگتے تھے۔ ہر شنواری فیملی میں اک آدھ بھائی دنبہ ماسٹر لازمی ہوتا تھا۔ سب ہی ہوتے تھے لیکن اک کا درجہ دادا استاد کا ہوتا۔

دنبہ خریدنے سے پہنچانے بنانے کھانے تک ساری کارروائی حد سے حد دو گھنٹہ میں مکمل کر لی جاتی۔

الحمدللہ جب بھی دنبہ دعوت کھائی یا خود کی شنواری کا ہی پکا ہوا کھایا۔ کسی اور نے بلایا تو اس کو چکر ہی دیا اور پتہ بھی نہیں لگنے دیا کہ اپن نے چکر دیا ہے۔ جس دنبے پر بہہ کر اہم ترین سفر کرنا ہو۔ ستر حوریں اکٹھی انتظار میں کھڑی ہوں۔ دنبہ بقلم خود ناراض ہو تو وہ راستے میں کہیں پھینک کر ہی پھر نکل جائے گا۔ اتنا رسک کیوں لیوے کوئی۔

سچی بات ہے کسی اور پر یقین نہیں آتا کہ ٹھیک پکا لے گا۔

اس ہفتے ملاقاتوں کا کوٹہ پورا تھا۔ اب اک مہینہ کسی سے ملنے کا کوئی ارادہ نہیں کہ نکے نے دعوت پر بلا لیا ہمراہ چھ سات ان لوگوں کے جن کی گپ آج کل ضروری ہے۔ اتنی ضروری کہ جانے کی حامی بھر لی۔ حالانکہ نکا بتا چکا تھا کہ ون ڈش ہو گی صرف دنبہ کڑاہی اور اک محسود دوست خود پکائے گا۔

سن کر ہی یقین ہو گیا تھا کہ اس دعوت میں موجود چھ سات دانوں میں سے کوئی اک بھی جنتی نہیں ہونا۔ یہ پہلی بار تھی کہ کسی محسود کے ہاتھ کا پکا کھایا۔ وزیرستان والوں پر اپن دنبہ کے حوالے سے ہر گز کوئی اعتبار نہیں کرتا، ان سے بس پینڈا ہی کھانا بنتا۔ پر اگلے نے بڑے دل سے پکایا تھا۔

کچھ دن پہلے اک دوست نے کہا کہ دل سے بنائی پکائی ہوئی چیز کا سواد ہی اور ہوتا اس سے عمر بڑھتی پیار بڑھتا دوستی پکی ہوتی، ہور پتہ نہیں کی کی ہوتا۔

پاس تو اپن نے کر دیا ہے بندے کو لیکن اسی اکیلے کو کیا ہے۔ پر اب اک گل پوچھنی تو بنتی ہے کہ کیا اک اکیلا دنبہ ست بندے چک کر پہنچا دے گا؟ ان ست میں بھی اک تو وسی بابا بھی ہے۔
کدی وی نہیں!

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi