نواز شریف: پہلے کرکٹر وزیراعظم کا حیرت انگیز میچ ریکارڈ


آپ میں سے بہت سے کم عمر افراد یہ گمان رکھتے ہوں گے کہ عمران خان وہ پہلے کرکٹر ہیں جو وزیراعظم بنے۔ برطانیہ میں سنہ 1963 میں لارڈ ایلک ڈگلس ہوم وزیراعظم بن چکے ہیں۔ وہ فرسٹ کلاس لیول پر کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ مگر پاکستان میں بھی میاں نواز شریف وہ پہلے کرکٹر ہیں جو وزیراعظم بنے۔ میاں صاحب سنہ ستر کی دہائی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکٹو رہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ ان کے ریکارڈ میں موجود تمام میچوں میں ان کی ٹیم نے مخالف ٹیم کو نہ صرف فالو آن پر مجبور کیا بلکہ شکست فاش بھی دی۔ میاں صاحب کی ان میچوں میں ذاتی پرفارمنس بھی بے داغ رہی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر میاں صاحب کا ریکارڈ دیکھ کر ہم حیران رہ گئے تھے۔ پہلے تو ہم یہی سمجھے کہ نواز شریف نامی کوئی ہم نام ہو گا، مگر جب پلیئر نواز شریف کے نام کے آگے تاریخ پیدائش 25 دسمبر 1948، مقام پیدائش لاہور، میجر کرکٹ ٹیم پاکستان ریلوے اور لاہور جمخانہ دیکھا تو ہمیں یقین آیا کہ یہ حیرت انگیز ریکارڈ کسی دوسرے کا نہیں بلکہ میاں محمد نواز شریف، سابقہ وزیراعظم پاکستان کا ہے۔

میاں صاحب کے کیرئیر کا سب سے دلچسپ میچ 1973 کی پیٹرنز ٹرافی کا کوارٹر فائنل ہے جو ریلوے اور پی آئی اے کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں میاں صاحب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 238 سکور بنایا۔ میاں صاحب نے اس میچ میں نہایت سٹائلش بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی بال پر ہی ایک دلکش سٹروک کھیلا اور انہوں نے شہزاد اعتماد کی بال پر قیصر رضا کو کیچ آؤٹ کرنے کی سعادت بخشی اور صفر پر آؤٹ ہو کر سکور کارڈ کو داغ نہ لگنے دیا۔ ان کا یہ انداز ایسا متاثر کن تھا کہ ان کی ٹیم کے دیگر تین کھلاڑی بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے صفر پر ہی واپس پویلین گئے۔ ہاں تین کھلاڑی کچھ خر دماغ نکلے، دو نے ففٹی بنائی اور ایک نے انتالیس۔

اس کے بعد پی آئی اے نے بیٹنگ شروع کی۔ اس کے بیٹسمین میاں صاحب کے دلکش بیٹنگ سٹائل کی نقالی کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ ان میں سے چھے کھلاڑی میاں صاحب کی طرح صفر سکور بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ دو نے اچھی کوشش کی مگر ناکام رہے اور ان سے ایک ایک سکور بن گیا۔ پوری ٹیم 51 سکور بنا کر میاں صاحب سے ملاقات کا شرف حاصل کرنے واپس پویلین لوٹ گئی۔

خیر میاں صاحب نے سمجھا بجھا کر انہیں واپس گراؤنڈ میں بھیجا کہ چلو تمہیں فالو آن کرواتے ہیں۔ ساتھ انہیں تسلی دلاسا بھی دیا کہ تم اپنے نیچرل سٹائل میں کھیلو، میں پاس کھڑا حوصلہ بڑھاتا رہوں گا۔ اس مرتبہ پی آئی اے کی ٹیم 119 سکور کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ میچ میاں صاحب کی ٹیم یعنی ریلوے جیت گئی۔

میاں صاحب نے کھیلا تو بہت ہو گا، مگر بدقسمتی سے صرف ایک میچ کا ریکارڈ دستیاب ہے۔ غالباً بعد میں ان کے مخالفوں کی حکومت آئی تو انہوں نے میاں صاحب کا ریکارڈ غائب کر دیا۔ یا ممکن ہے کہ وہ کسی دفتر میں پڑے پڑے جل گیا ہو۔ بہرحال جو ریکارڈ باقی بچا ہے اس سے واضح ہے کہ میاں صاحب نے جتنے میچ بھی کھیلے ان میں ان کی ٹیم نے مخالف ٹیم کو نہ صرف فالو آن پر مجبور کیا بلکہ شکست فاش بھی دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ سے ریکارڈ۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar