فیاض الحسن چوہان ہمارے معاشرے کی ہی تمثیل ہے


فیاض الحسن چوہان نے کل ہندو برادری کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے ان پر بڑی لے دے ہو رہی ہے۔ فیاض الحسن کو فارغ کر دینے کی بات کی جا رہی ہے وغیرہ وغیرہ جو کہ میرے نزدیک بہت پہلے ہی ہو جانا چاہیے تھا اور بات یہاں تک پہنچنی ہی نہیں چاہیے تھی مگر فیاض الحسن نے ایسا کیا کہا ہے جو پاکستان میں ہماری اکثریتی کا خیال نہیں ہے؟ چوہان نے تو وہی کچھ بولا ہے جو ہمارے ملک کے اکثریتی لوگوں کا خدائی فوجدار ہونے کے ناتے یقین ہے۔

ہمارا تعلق عوام الناس سے ہے اور جن گلی محلوں سکولوں مدرسوں میں ہم سب پروان چڑھے ہیں وہاں ایسا کون سا درس دیا جاتا ہے جو ہمیں دوسرے مذہب کے بانیان، ان کے مذہبی پیشواؤں اور ان کے عقائد و اعمال کی تضحیک کرنے سے روکتا ہو؟ ہندوؤں کو تو چلو ہمارے توحید پرست پکے مسلمان نجس مشرک سمجھتے ہیں مگر اپنے ہی سرکاری و غیر سرکاری مسلمان کہلائے جانے والے فرقوں کے آبا و اجداد کے بارے میں بھی ہمارا مجموعی رویہ انتہائی تحقیر آمیز ہے۔

صحیح بخاری میں زخمیوں کو اونٹ کا پیشاب پینے کے حکم والی حدیث اور سعودیہ میں بدوؤں کا اونٹ کا پیشاب پانی کی طرح پینے کی ویڈیوز کے باوجود ہم ابھی تک گاؤ موتر کے طعنے ہندوؤں کو دیتے ہیں۔

ہماری اکثریتی آبادی قبرپرست ہے، قبروں میں دفن بزرگوں کو خدا بنا رکھا ہے، ان کے وسیلے سے اللہ سے نہیں مانگتے بلکہ ان فوت شدہ بزرگوں سے گزارشیں کی جاتی ہیں مگر پھر اسی منہ سے ہم ہندوؤں کو بت پرستی کا طعنہ دیتے ہیں۔

اچھوت ذاتوں کے نظام پر ہم ہندوؤں کو بہت کوستے ہیں مگر پاکستان میں ہم نے مذہبی اچھوت، لسانی اچھوت، نسلی اچھوت، یہ اچھوت وہ اچھوت بنا رکھے ہیں۔ ایسا کون سا طبقہ یا گروہ ہے جو اس اچھوتی بیماری کا شکار نہیں ہے؟ آپ کے ہاں کون سی اقلیت محفوظ ہے؟ اپنی ہی مسلمان شیعہ ہزارہ پر ہونے والے مظالم کب آپ کو دکھیں گے؟

ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہندو چالاک ہے، ہندو مکار ہے، ہندو ہمارا دشمن ہے، تو بھائی آپ بھی چالاک بن جائیں، آپ بھی مکار بن جائیں، اور آپ کون سا مسعود اظہر اور حافظ سعید کو بغلوں میں رکھ کر دوستی نبھا رہے ہیں، آپ بھی تو دشمنی ہی کر رہے ہیں، تو پھر اس پر ہندو مذہب کے ماننے والے کو گالیاں کیوں؟

ہمیں اپنے معاشرے کو بدلنا ہے تاکہ فیاض الحسن چوہان جیسے لوگ اپنی نفرت نہ پھیلا سکیں اور انتہائی اقلیت بن کر رہ جائیں، مگر ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ اس معاشرے کو بدلنے کے لئے ہم کیا کردار ادا کر رہے ہیں؟ اور کہیں ہم بھی دانستہ یا غیر دانستہ طور پر فیاض الحسن چوہان کا ہی تو پرتو نہیں ہیں؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).