عثمان بزدار نے کوئی استعفیٰ نہیں مانگا: فیاض الحسن چوہان


میڈیا پر اطلاعات آئیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہندو کمیونٹی سے متعلق توہین آمیز بیان پر وزیراطلاعات فیاض چوہان سے استعفیٰ طلب کرلیا۔ لیکن کچھ دیر بعد فیاض الحسن چوہان نے ان اطلاعات کی تردید کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو ایوانِ وزیراعلیٰ طلب کیا جہاں ان سے غیر ذمہ دارانہ بیان پر استعفیٰ طلب کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ فیاض چوہان کے اس سے قبل بھی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملات اور متنازع بیانات سامنے آئے جس پر انہیں معافی مانگنی پڑی جب کہ تازہ بیان پر انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین کے تحت اقلیتوں کے برابر کے حقوق ہیں اور ان کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اطلاعات کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد اسے وزیراعظم عمران خان کو بھجوایا جائے گا اور اس کی منظوری کا حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔

فیاض چوہان کی تردید

دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کی ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے بیان پر وضاحت مانگی ہے، کوئی استعفیٰ نہیں مانگا گیا لہٰذا استعفے استعفے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے ہندو کمیونٹی سے متعلق غیر اخلاقی بیان دیا تھا جس پر انہوں نے بعد میں وضاحت اور معذرت بھی کی لیکن اپوزیش جماعتوں کی جانب سے وزیراطلاعات کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاریا ہے۔
ماخذ: جیو نیوز۔