مسیحی روزے کیسے ہوتے ہیں؟


جس معاشرے میں ہم رہتے ہیں اکثر ہماری مسیحی رسومات کے بارے میں قیافے لگائے جاتے ہیں۔ مسیحی تو یوں شادی کرتے ہیں، مسیحی تو یوں جنازہ کرتے ہیں، مسیحی تو یوں روزے رکھتے ہیں وغیرہ۔ اسی ہفتے لینٹ یعنی مسیحی روزوں کا آغاز ہو چکا ہے تو میں نے محسوس کیا کہ مجھے اس بارے میں کچھ سوالوں کی تشنگی کا ازالہ کرنا چاہیے۔

بچپن سے چند ایک سوال تواتر سے پوچھے جاتے رہے ہیں،
آپ کے بھی روزے ہوتے ہیں؟
آپ کے کتنے روزے ہوتے ہیں؟
آپ کا روزہ کتنے گھنٹے کا ہوتا ہے؟
اور یہ کہ کیا آپ روزے میں توے کا پکا کھا سکتے ہیں؟

ہر مذہب کے اپنے عقائد اور رسومات ہوتے ہیں جس کے مطابق وہ اپنی عبادات کرتے ہیں۔ مسیحی بھی موسم بہار میں چالیس روزے رکھتے ہیں، یہ ان ایام کی یاد میں رکھے جاتے ہیں جب یسوع المسیح نے اپنی زمینی خدمت کے آغاز سے پہلے تیاری کے لئے روزہ رکھا۔ ویسے تو ان ایام کا براہ راست تعلق ایسٹر سے نہیں لیکن یہودی کیلنڈر کے اعتبار سے یہ دونوں ان تاریخوں میں اس طرح آتے ہیں کہ تاثر ابھرتا ہے کی ایسٹر روزوں کے بعد والی عید ہے ہر کلیسا میں اس کے اوقات اور طریقہء کار فرق ہوتا ہے۔

اور جب روزے سے مراد ہی فاقہ کرنا ہے جِس میں کوئی روزہ دار اپنی جان، اپنی روح، اپنے جِسم کی خاطر محدود مدت کے لئے ارادتاً کھانا پینا چھوڑ کرخُداوند کی طرف رجوع لاتا ہے تو یہ سوال پیدا ہی نہیں ہونا چاہیے کہ توے سے پکا ہوا نہیں کھاتے اور باقی کھاتے ہیں۔ روزے میں قطعی طور پر کھانا پینا موقوف ہوتا ہے۔ کسی بھی حالت میں کھانا یا پینا نہیں ہوتا کیونکہ روزہ بدن کی قربانی ہے جِس میں روزہ دار کھانا پینا چھوڑ کراپنی جان کو دُکھ دیتا اور اپنی جان کو خُداوند کی طرف متوجہ کرتا ہے تاکہ وہ خُدا کے زیادہ قریب ہو جائیں۔

مسیحی روزے اختیاری ہیں یہ فرض نہیں ہیں۔ اور یہ ان چالیس ایام کے علاوہ بھی کِسی بھی وقت شخصی اور اجتماعی طور روزے رکھے جا سکتے ہیں۔

عام طور پر تو روزہ چوبیس گھنٹے کا یعنی ایک شام سے لے کر اگلی شام تک ہوتا ہے۔ لیکن بعض لوگ شخصی ریاضت اور مَنتوں اور شکرگزاریوں کے لیے 36 گھنٹے، 48 گھنٹے، 72 گھنٹے یا اس سے زائد وقت بھی روزے کی حالت میں رہتے ہیں۔ بنیادی طور پر مسیحی روزے کا تعلق مخصوص وقت کو پورا کرنے سے نہیں بلکہ جتنا وقت آپ خداوند سے کمٹ کرتے ہیں اس کو دعائیہ روح میں گزارنے سے ہے، یہ وقت 24 گھنٹے سے کم بھی ہو سکتا ہے مگر جتنا ہو خدا کے لیے ہو۔

تو بنیادی طور پر مندرجہ بالا سوالوں کے جواب ہیں،

جی ہاں، مسیحوں میں بھی روزے ہوتے ہیں، چالیس دن کے یادگاری روزے اور اس کے علاوہ جتنے کوئی چاہے رکھے اور یہ روزہ کسی بھی دورانیے کا ہو سکتا ہے اور یہ کہ اس روزے کے دوران کسی بھی قسم کا کھانا پینا نہیں ہوتا، چاہے توے کا پکا ہوا ہو یا نہ ہو۔

Facebook Comments HS