اشرف المخلوقات
”سائیکل بالکل کھپڑ ہو گئی ہے۔ کوئی سواد نہیں رہا۔ “ دین محمد منشی، جون کے غضب ناک سورج کی طرف دیکھ کر منہ ہی منہ میں کچھ بڑبڑایا۔
”سواد کس چیز کا؟ تم بھی تو بوڑھے ہو گئے ہو دین محمد! “
”صبح دیر سے اُٹھوں گا۔ کوئی جگائے مت۔ “ اس نے چارپائی پر لیٹنے سے پہلے یہ بات اتنی بار دہرائی تھی کہ سب کے ذہنوں میں اچھی طرح سے نقش ہو گئی۔
”سجاک ابا جی! ملک سائیں نے بلوایا ہے۔ “
”اوئے ستیاناس تمہارا۔ پہلے یہ تو پوچھ لیتے بات کیا ہے؟ “
”کہتا ہے ملک سائیں کے حساب کتاب میں کوئی رپھڑ مچ گیا ہے۔ بڑے کھاتوں والا رجسٹر منگوا رہے ہیں۔ “
دین محمد نے منہ دھویا، رجسٹرڈھونڈا، سائیکل اُٹھائی اور گھر سے نکل پڑا۔
”اتنے سارے دن ہو گئے۔ اِس بار تو بادل کا ایک ٹکڑا بھی دکھائی نہیں دیا۔ “ اُس نے ہاتھوں کاچجھا بنایا اور شکوہ بھری نگاہوں سے آسمان کی جانب دیکھا۔
”جو آدمی خدا سے شکوہ کرتا ہے، اُسے مسلمان کہلوانے کا کوئی حق نہیں۔ وہ سور کی اولاد کافر ہو جاتا ہے اور یاد رکھو تمام کافروں کا آخری ٹھکانہ دوزخ ہے۔ پڑھو کلمہ شہادت۔ “ اچانک اُسے مولوی خدا بخش کا ایک خطبہ یاد آگیا اور وہ شرم سے پانی پانی ہوگیا۔
کچھ دیر تک وہ شرمندہ رہا۔ پھر اُس نے سچے دل سے توبہ کی، درود شریف کا ورد کیا اور خدا کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے لگا۔
”مگر میری گڈّی تو واپس نہیں آسکتی ناں! “ ایک دم دین محمد کو اپنی سب سے بڑی بیٹی کا خیال آیا اور اُس کے پورے بدن میں سوئیاں سی چبھنے لگیں۔
اس نے فوراً سائیکل روکی، قمیض کے اندر ہاتھ چلایا اور کمر پہ رینگتی چیونٹی پکڑ کے باہر اُچھال دی (مگر پھر بھی کوئی چیز تھی جو مسلسل چبھے جا رہی تھی)
”میری شہزادیوں جیسی دھی! “ اُس کی آنکھیں بھیگ گئیں۔
”رونا تو ہیجڑوں اور عورتوں کا کام ہے بھائیو! مرد وہی ہے جو لڑتا ہے، تلوار چلاتا ہے اور جہاد کرتا ہے۔ پڑھو کلمہ شہادت۔ “ دین محمد کو مولوی خدا بخش کا ایک اور خطبہ یاد آیا۔
”ابا! ابا! بلی میرا بگّا کبوتر کھا گئی! “ دو دن پہلے اس کا سب سے چھوٹا بیٹا باشی روتا ہوا آیا تھا اور اُس سے لپٹ گیا تھا۔
”لوگ بکواس کرتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ملک سائیں؟ ۔ ۔ ۔ ۔ ایساتو ہوہی نہیں سکتا! ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پھر گڈی تو اُن کی بیٹیوں سے بھی چھوٹی عمر کی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور لوگ یہ کیوں نہیں دیکھتے ملک سائیں اس کے جنازے پر خود چل کے آئے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہزار روپے بھی دے کے گئے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ بھی کہا تھا اس کے قاتلوں کو ڈھونڈیں گے۔ “
”بلی، کبوتر کیوں کھاتی ہے ابا؟ ۔ ۔ ۔ “ باشی کو سوال پوچھنے کی بُری عادت تھی۔
”جو بھی ہوتا ہے رب سائیں کی مرضی سے ہوتا ہے اور رب سائیں کی رضا میں ہی ہماری رضا ہے۔ “ دین محمدکو مولوی خدا بخش کی تسلی یاد آئی اور اُس نے سائیکل کی رفتار تیز کر دی۔
”اور پھر لوگ یہ کیوں نہیں دیکھتے مولوی صاحب ملک سائیں کی کتنی عزت کرتے ہیں۔ ایک دفعہ تو جمعے کے خطبے میں گاؤں کی پگ بھی بولا تھا انہیں۔ “
جوں ہی دین محمد ملک اسلم کی حویلی میں داخل ہوا، ملک کی بلٹیر کتی دوڑتی ہوئی آئی اور اس کے ہاتھ پاوں سونگھنے لگی۔
”ڈرو بھائیو ڈرو! رب سائیں کے عذاب سے ڈرو۔ میرا پیارا رب جب اپنے گناہگاروں پہ عذاب نازل کرتا ہے تو انھیں اشرف المخلوق کے رتبے سے ہٹا کر جانور بنا دیتا ہے۔ پڑھو کلمہ شہادت۔ “
اس نے فوراً کلمہ شہادت پڑھا، نیم کی چھاؤں میں سائیکل کھڑی کی اور ہاتھ منہ دھونے کے لیے نلکے کی طرف چل پڑا۔
جیسے ہی اس نے نلکے کی ہتھی پکڑی، اس کی نظر ایک چھوٹے سے کُھڈ پہ جارُکی۔
”یہ کیا چیز ہے بھئی؟ “ دین محمد کھڈ میں جھانکنے لگا۔
دو مریل سے پلّے ایک دوسرے کے ساتھ چمٹے ہوئے تھے اور غالباً سو رہے تھے۔
”واہ بھئی واہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ گرمی کا بڑا ٹھیک انتظام کیا ہوا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آج کل کے توکتورے بھی سمجھ دار ہو گئے ہیں۔ “ اُس نے ستائش بھرے انداز میں سر ہلایا اور بیٹھک کی طرف چل پڑا۔
۔
ملک اسلم، موڑھے کی پشت سے ٹیک لگائے حقہ پی رہا تھا اور ایک پانچ چھ سال کی بچی اس کے پاؤں دبا رہی تھی۔
”السلام علیکم! “ دین محمد نے نہایت قرأت سے سلام کیا۔
”وعلیکم۔ “
”حکم سائیں؟ “
”بکواس کرتے ہو حکم کے بچے! حق تو یہ بنتا ہے تمہیں ننگا کرکے جوتے مارے جائیں۔ “ ملک اسلم غصے سے دھاڑا۔
دین محمد نے شرم کے مارے سر جھکا لیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔
”پھٹی کا حساب تو چلو ہو گیا۔ جوار کے کھاتے تیرا باپ چڑھائے گا۔ اب میں کہنا بھول گیا تو کیا مطلب، تم بھی جان چھڑا کے نکل جاؤ۔ “ ملک اسلم کی آنکھیں جیسے لال انگارہ ہوگئیں۔ ”زیادہ نہیں بس آدھا گھنٹا ہے تیرے پاس۔ ظہر سے پہلے ہر صورت کام ہو جانا چاہیے۔ سمجھ آئی کہ گئی؟ “
”میں نوکر، میں خادم، ابھی کر دیتا ہوں سائیں! “ دین محمد رجسٹرپہ جھکتے ہوئے بولا۔
ابھی اسے کھاتوں کا اندراج کرتے بمشکل دس پندرہ منٹ ہی ہوئے ہوں گے کہ ایک جھٹکے سے دروازہ کھلا اور ملک کا سب سے چھوٹا بیٹا روتا ہوا کمرے میں داخل ہوا۔
”ابوجی! ابو جی! فراز نے مجھے اے سی والے کمرے سے نکال دیا ہے۔ “
”کیوں، ابا؟ “ ملک نے بہت دلار سے پوچھا۔
”کہتا ہے یہ میرا کمرہ ہے۔ اس پر تمہارا کوئی حق نہیں۔ یہ بھی کہتا ہے دوبارہ آئے تو ٹانگیں توڑ دوں گا! “
معلوم نہیں کیوں دین محمد کو چھوٹے ملک کی بات سن کر کُھڈ میں لیٹے پلے یاد آگئے۔ پھر اُسے یوں لگا جیسے کوئی اس کا گلا دبا رہا ہو اور وہ زور زور سے چیخنے لگا۔


