صادق ایجرٹن کالج بہاولپور: مذہبی انتہا پسند طالب علم نے استاد کو قتل کر دیا


گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور میں آج صبح شعبہ انگریزی کے سینئر استاد ایسوسی ایٹ پروفیسر خالد حمید (گولڈ میڈلسٹ) کو ان کے انتہا پسند شاگرد نے چاقو کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے قاتل کو حراست میں لےلیا۔ اندوہ ناک واقعے کے بعد کالج بند کر دیا گیا۔

مقتول استاد پروفیسر خالد حمید کے صاحبزادے ولید خان کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور میں تعینات شعبہ انگریزی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور کالج کے سیکنڈ پرنسپل خالد حمید آج صبح حسب معمول آٹھ بج کر 40 منٹ پر کالج پہنچے۔ وہ اپنے کمرے کی طرف بڑھ رہے تھے کہ ایک ستون کی آڑ میں چھپا بی ایس انگریزی کا طالب علم خطیب حسین اچانک سامنے آ گیا۔ اس نے اپنے استاد کے سر پر وزنی آہنی تالا مارا۔ اور آنکھوں، چہرے اور سینے پر چھری کے پے در پے وار کر کے انہیں موقع ہی پر ہلاک کر دیا۔

طالب علم خطیب حسین اس دوران بلند آواز میں کہتا رہا کہ 21 مارچ کو شعبہ انگریزی میں نئے طالب علموں کو دی جانے والی ویلکم پارٹی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ پروفیسر خالد حمید اس پارٹی کی حمایت کر رہے ہیں۔ پروفیسر کو قتل کر دینا چاہیے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).