عمران خان آئی ایم ایف سے معاہدے کے فوراً بعد اسد عمر کو فارغ کر دیں گے: عارف نظامی


معروف صحافی عارف نظامی نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی معیشت کی بحالی چاہئے تو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے جلد یا بدیر چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا اور میں یہ خبر دے رہا ہوں کہ یہ مشکل فیصلہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) پیکیج کے بعد کر لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق عارف نظامی نے کہا کہ معیشت کے ڈسے ہوئے عوام آئی سی یو میں چلے گئے ہیں اور ورلڈبینک کا کہنا ہے کہ شرح نمو 3.0 پر چلی جائے گی اور دو سال تک یہی صورتحال رہے گی مگر پتہ نہیں کہ اسد عمر صاحب کس دنیا میں رہتے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ معیشت آئی سی یو سے نکل آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گروتھ ریٹ تو عام آدمی کی سمجھ سے باہر ہے اور بے روزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے، اب یہ ورلڈ بینک کی میٹنگ میں جا رہے ہیں جہاں سائڈ لائن پر آئی ایم ایف سے ملیں گے اور کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا پیکیج تقریباً فائنل ہو گیا ہے۔ ایک زمانے میں ولی خان قائد حزب اختلاف تھے اور ذوالفقار علی بھٹو کے زیر عتاب رہتے تھے، انہوں نے ایک بات کہی تھی کہ بھٹو اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے اور آج میں یہ کہوں گا کہ پاکستانی معیشت کی اگر کوئی بحالی چاہئے تو آپ کو اسد عمر سے جلد یا بدیر چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹانے کا مشکل فیصلہ آئی ایم ایف کے پیکیج کے بعد ہو گا اور میں یہ خبر دے رہا ہوں، انہیں یہ فیصلہ کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستانی معیشت کو اٹھانا اسد عمر کے بس کی بات نہیں۔ اندر سے عمران خان بھی پریشان ہیں جو اپنے مشیروں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں کہ آخر معیشت کو کیسے ٹھیک کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).