عطر شیشہ اور دوسرے مقامات پر زلزلے کی ضرورت


اس رات بھی وہ اپنے اسی کمرے میں گھر کے باہر تھی، جب زلزلہ آیا، جب زمین ہلی تھی جب پہاڑ ڈھیر ہوئے، وادیاں بکھر گئیں، عمارتیں گرگئیں، لوگ اُجڑگئے، خاندان بچھڑگئے چند لمحوں میں سب کچھ ڈھیر ہوگیا۔

”مرنا تو مجھے چاہیے تھا ڈاکٹر صاحب، میری زندگی تو ویسے ہی بے کار ہے۔ میں بچ گئی اور وہ مرگئے، اس کی آنکھوں سے بہتے ہوئے آنسوؤں کی لڑیاں اس کے گالوں کو مسلسل تر کررہی تھیں۔ “ وہ لوگ تو ٹھیک تھے ان کے جسم میں تو کوئی خرابی نہیں تھی، پیشاب میرا بہتا ہے، ناپاک میں ہوں نجس میں ہوں، نماز میں نہیں پڑھ سکتی، سپارے کو ہاتھ میں نہیں لگاسکتی، ناپاک میں ہوں اور مر وہ لوگ گئے پاک لوگ، صاف لوگ۔ ”وہ آہستہ آہستہ بین کر رہی تھی۔

میں نے جب اس کا اندرونی معائنہ کیا تو مجھے پتہ چلا کہ اس کی پیشاب کی تھیلی پر چھوٹا سا تقریباً ایک سینٹی میٹر کا سوراخ ہے جہاں سے پیشاب مستقل بہہ رہا تھا۔ یہ تو بہت معمولی سا سوراخ تھا۔ مشکل سے آدھے گھنٹے کا آپریشن، میرا دل جیسے اندر سے رودیا، سترہ سال سے یہ لڑکی گھر کے باہر جانوروں کے اصطبل میں جانوروں کی طرح سے محض اس لئے رہ رہی ہے کہ کوئی اسے کسی سرجن کے پاس نہیں لے گیا کہ اُس کا آپریشن ہوجاتا۔ ایک چھوٹا سا آپریشن، کسی بڑے خرچے کے بغیر۔ پھر یہ صحیح ہوجاتی، نہ اس کا شوہر اسے چھوڑتا نہ یہ سسرال چھوڑ کر میکے آتی اور نہ ہی اسے گھر کے باہر ایک کچے کمرے میں رہنا پڑتا۔ اس کے بچے ہوتے، اس کا گھر ہوتا اور یہ بھی ساری مغرور ماؤں کی طرح اپنے بچوں کے ساتھ اپنے گھر میں خوش رہتی۔ اس وقت میں نے نہیں سوچا تھا کہ اگر گھر میں رہتی تو شاید زلزلے میں مرجاتی۔

” تم کو کوئی ڈاکٹر کے پاس نہیں لے گیا، علاج کے لئے، آپریشن کے لئے تاکہ تم صحیح ہوجاؤ۔ “ میں نے سوال کیا تھا۔

”گئی تھی ڈاکٹر صاحب میں۔ اماں باوا مجھے لے گئے تھے کوئی ڈاکٹروں کی ٹیم آئی تھی فرانس سے، جو مظفرآباد کے فوجی ہسپتال میں اس بیماری کا علاج کررہے تھے، میرے باوا کو کسی نے بتایا اور ہم لوگ عطر شیشہ سے وہاں پہنچے تو اسی دن ڈاکٹر واپس جاچکے تھے۔ فوجی ہسپتال میں پینتالیس مریضوں کا آپریشن کیا تھا ان لوگوں نے۔ سارے مریض موجود تھے وہاں پر اور سب ٹھیک ہوگئے تھے۔ میری تو اس وقت بھی قسمت خراب تھی۔ کچھ بھی نہیں ہوسکا اور ہم لوگ واپس آگئے، اس امید کے ساتھ کہ دو سال کے بعد ڈاکٹر پھر آئیں گئے۔ میرے بابا مسلسل پتہ کرتے رہے تھے مگر نہ ڈاکٹر دوبارہ آئے اور نہ ہی میرا آپریشن ہوسکا۔ “

مگر ہم لوگوں نے اس کا آپریشن کردیا تھا، پہلے اسے کراچی منتقل کیا پھر دونوں پیروں کا آپریشن کرکے لوہے کی پلیٹوں سے ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کو جوڑدیا گیا کسی پلاسٹر کی ضرورت نہیں تھی۔ آپریشن کے تیسرے چوتھے دن سے ہی وہ سہارے سے چل سکتی تھی کہ چھ ہفتوں کے بعد پیشاب کی تھیلی کے آپریشن کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی تھی۔

کراچی میں ہی اس کے پیشاب کی تھیلی کا آپریشن کردیا گیا اوردو ہفتے کے بعد اس کا پیشاب بہنا بند ہوگیا، وہ ایک مکمل عورت بن چکی تھی۔

اس کی پھوپھی اسے گھڑی ڈوپٹہ سے لینے آئی تھیں۔ عطر شیشہ سے دور مظفرآباد کے ایک اور چھوٹے سے گاؤں میں وہ بیاہ کے گئی تھی۔ حمیدہ بی اس کے بھائی کے خاندان کی آخری نشانی تھی۔

اسپتال سے گھر جانے کا منظر بڑا جذباتی تھا، نئے جوڑے میں ملبوس، صاف ستھرے کپڑوں میں تین بڑے آپریشنوں کے بعد اورزلزلے کے غم سے ٹوٹی ہوئی ہونے کے باوجود حمیدہ بی اس دن بہت خوبصورت لگ رہی تھی۔ اس کے لئے ہسپتال میں کیک کٹا، ہسپتال کا عملہ اُس سے ملا، اسے گلے سے لگایا، دعائیں دیں اورآبدیدہ آنکھوں کے ساتھ نرسوں نے اسے الوداع کہا تھا۔

ایسے مریض جو ہسپتال میں دو دو تین تین مہینے رہتے ہیں نرسوں سے ان کی خوب دوستی ہوجاتی ہے اور اکثر یہ دوستیاں ساری زندگی چلتی رہتی ہیں۔ مجھے ایسا ہی لگا جیسے وہ بھی ہمارے ہسپتال کے نرسوں کی آشنا رہے گی۔

تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد جب زلزلے کی دوسری سالگرہ کو گزرے ہوئے شاید چار مہینے ہوئے تھے اور سالگرہ پر ہم لوگوں کو اس کا خیال بھی آیا اور پھر اسے بھول بھی گئے تھے کہ ایک دن دوپہر کو جب میں ہسپتال سے نکل رہا تھا تو وہ ہسپتال آئی، اپنے شوہر کے ساتھ۔

میں دیکھتے ہی اسے پہچان گیا اور یہ بات فوراً ہی میری سمجھ میں آگئی کہ وہ حاملہ ہے، مجھے یاد آیا کہ اس کی پھوپھی کو میں نے سمجھایا تھا کہ جیسے بھی ممکن ہوسکے حمیدہ بی کی شادی کردیں۔ وہ بالکل نارمل ہے اس کا بچہ بھی ہوسکے گا۔ بس یہ کرنا ہوگا کہ بچے کی پیدائش ہسپتال میں آپریشن کے ذریعے ہوگی، وہ اپنے شوہر کے ساتھ اسی لئے آئی تھی۔

سارے ہسپتال نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ اس کا شوہر زاہد اچھا آدمی تھا اور حد سے زیادہ باتونی بھی۔ زلزلے میں اس کی بیوی اور دونوں بچے مرگئے تھے، وہ کسی کام سے ایک رات پہلے پنڈی گیا تھا، ادھر بالا کوٹ میں سارا گھر زندہ دفن ہوگیا۔ زاہد حمیدہ بی کے پھوپھا کا دور کا رشتہ دار تھا۔

حمیدہ سے شادی کے بعد وہ بہت خوش تھا، حمل کے چالیسویں ہفتے پہ میں نے ہی آپریشن کرکے بچہ پیدا کیا، حمیدہ کا دوسرا لڑکا اور زاہد کا تیسرا بچہ اور ان دونوں کی زندہ اولاد۔ وہ دونوں دیر تک روتے رہے۔ کبھی غم کے آنسو، کبھی خوشی کی پھیلی ہوئی بھیگی سی مسکراہٹ۔

ہسپتال سے جانے سے ایک دن پہلے وہ دونوں میرے کمرے میں میرے لئے مٹھائی کا ڈبہ لے کر آئے تھے، ساتھ میں حمیدہ بی میری بیوی کے لئے ہاتھ سے کاڑھی ہوئی ایک بہت خوبصورت قمیض لے کر آئی تھی، جو اس نے مجھے دینا تھی۔

ہم لوگ دیر تک باتیں کرتے رہے، زاہد کو باتیں کرنے کا شوق تھا وہ بے تکان مسلسل بولتا رہا تھا۔ میں اس دن فارغ تھا اور بات سے بات نکلتی چلی جارہی تھی۔ کشمیر کی باتیں، مانسہرہ، ایبٹ آباد کے زلزلے کے صبح کی کہانی۔ بالا کوٹ کیسے زمین میں دھنسا، لوگ کیا کررہے ہیں، سرکار نے ہر ایک کوپیسہ دیا ہے، اسکول دوبارہ بن رہے ہیں، سڑکیں واپس آرہی ہیں اور سیاسی لوگ سرکاری لوگوں سے مل کر لوٹ مار بھی کررہے ہیں۔

باتوں باتوں میں اس نے بتایا کہ سالوں سینکڑوں سال پہلے ایک قافلہ مظفرآباد جاتے ہوئے پہاڑوں کے درمیان ایک وادی میں رات کے پڑاؤ کے لئے رک گیا تھا۔ صبح جب قافلہ تیار ہوکر نکلا اور آدھے دن کی مسافت پوری کرلی تو سالارِ قافلہ کی بیٹی نے اپنے باپ کو بتایا کہ پچھلے پڑاؤ پر قدرتی چشمے کے کنارے وہ عطر کی شیشی اور آئینہ بھول کر آگئی ہے۔ اس کی آنکھوں کے تلملاتے آنسوؤں نے سالار قافلہ کا راستہ روک لیا تھا اسی وقت پڑاؤ جنگل میں ڈال دیا گیا اور دو پیادے روانہ کیے گئے کہ وہ اس بچی کا عطر اور شیشہ لے کر آئیں۔

یہ سالوں پہلے کا واقعہ ہے، ڈاکٹر صاحب اُس وقت ہمارے بزرگ ہماری بیٹیوں کا اس طرح خیال رکھتے تھے۔ اس واقعے کے بعد اس جگہ کا نام ہی عطر شیشہ پڑگیا۔ آج کے عطر شیشہ میں سترہ سال تک حمیدہ بی زلزلے کا انتظار کرتی رہی۔ زلزلہ آیا تو ایدھی والے آئے اورایدھی والے آئے تو آپ ملے اور آپ ملے تو آپریشن ہوا اپریشن ہوا تو حمیدہ کے جسم سے پیشاب بہنا بند ہوا، پیشاب بہنا بند ہوا تو حمیدہ نجس سے، ناپاک سے پاک ہوگئی۔ آج حمیدہ دوبارہ زندہ ہوگئی ہے جناب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ زلزلے کی وجہ سے۔

عطر شیشہ جیسے ہزاروں گاؤں دیہاتوں میں بالاکوٹ سے باغ تک بشام سے سوات تک گڑھی ڈوپٹہ سے چٹہ بٹہ تک، سرحدوں کے اس طرف آزاد کشمیر میں اور سرحدوں کے اس طرف غلام کشمیر میں ہماری بچیوں بیٹیوں کے لئے کوئی نظام نہیں ہے۔ وہ بچے جنم دیتے ہوئے مرجاتی ہیں، بانجھ ہوجاتی ہیں، زخمی ہوجاتی ہیں، ان کے جسم میں سوراخ ہوجاتا ہے، ان کا پیشاب بہتا رہتا ہے۔

اس کا چہرہ سرخ ہوگیا، ”ان دیہاتوں میں سرحد کے دونوں طرف اور زلزلوں کی ضرورت ہے ڈاکٹر صاحب۔ حمیدہ جیسی بے شمار لڑکیاں اپنے زخموں کے پیشاب سے زندہ درگور ہیں۔ شاید کوئی اور زلزلہ آئے تو انہیں بھی نجات مل جائے۔ “

میں حیران نظروں سے اس کے چہرے کو تک رہا تھا۔


صفحات: 1 2