تبدیلی سرکار کے آٹھ ماہ

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

وطن عزیز میں موسم گرما آتے ہی جہاں موسم کی گرمی اپنی شدت کی طرف بڑھ رہی وہیں گزشتہ 8 ماہ سے منجمد سیاسی موسم بھی پگھلتا دکھائی دے رہا۔ نئی حکومت کو قائم ہوئے 8 ماہ کا دورانیہ ہوچکا ہے۔ ان 8 مہینوں میں حکومت خوش قسمت رہی کہ حکومت کو کسی بھی طرح سے عوامی سطح پر کسی قسم کے احتجاج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اپوزیشن جماعتیں تو نیب اور عدالتی کیسوں میں خود کو بچانے میں الجھی ہوئی ہیں عوامی مسائل پر کیا بات کریں۔

قوم بھی عمران خان کو وقت دے کر چپ سادھے دودھ پی کر سو گئی اور اس وقت کا انتظار کر رہی ہے کہ جب عمران خان کے قوم سے کیے گئے سب وعدے ایسے وفا ہوں گے کہ ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہوگا، دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہوں گی اور عمران خان قوم کو بیدار کر کے یہ اعلان کریں گے کہ شریفوں اور زرداریوں سے احتساب مکمل کر کے اربوں روپے کی لوٹی رقم قومی خزانے میں جمع ہو چکی، ڈیم بن گئے، لاکھوں گھر تعمیر ہو چکے، باہر سے لوگ پاکستان نوکریوں کے لئے پہنچ چکے، پاکستانی گرین پاسپورٹ کو دنیا میں عزت مل چکی، کروڑوں نوکریاں آپ کی منتظر ہیں میرے پاکستانیو۔

مگر حقیقت اس کے برعکس ہے کہ ناچتی جھومتی تبدیلی سرکار اپوزیشن میں کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو بڑھکیں مارتی رہی حکومت میں آتے ہی لگ سمجھ گئی کہ جو کہا تھا وہ کر کے دکھانا کوئی خالہ جی کا گھر نہیں۔ حکومت کی 8 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج تیزی سے گرتی جا رہی اور گذشتہ 3 سالوں میں سب سے کم سطح پر آ پہنچی، زرمبادلہ کے ذخائر میں انتہائی کمی، روپے کی گرتی قدر، مہنگائی کا جن بے قابو ہوکر بوتل سے باہر آچکا، بجلی، گیس، پیٹرول تو مہنگا ہوا ہی ہوا ادویات کی قیمتیں بھی مریضوں کی پہنچ سے دور کر دی گئیں، روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی دودھ مہنگا ہو گیا اور رہی سہی کسر ٹرین کے کرایوں میں اضافہ کر کے پوری کر دی گئی ہے۔

ایک طرف جب ملک میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی اور ملکی معیشت روز بروز گراوٹ کا شکار ہے تو وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر حملوں کی کھلم کھلے نویدیں سناکر ملکی کاروباری حضرات کے ساتھ ساتھ بیرونی دنیا کو بھی پیغام دے رہے کہ پاکستان میں انویسٹ کرنے کے لئے ابھی ماحول سازگار نہیں ہے جس کا اسٹاک ایکسچینج پر منفی اثر پڑ کر اسٹاک ایکسچینج تیزی سے گرنے کی طرف گامزن ہے۔

سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک طرف وزیر خزانہ اسد عمر انویسٹرز کو مارکیٹ میں پیسہ لگانے کی ترغیب دے رہے کہ ملکی معیشت کے مریض کو آئی سی یو سے وارڈ میں لے آئے ہیں اب اس مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے اور آئندہ ڈیڈھ سال میں ملکی معیشت مستحکم ہو جائے گی تو دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر جنگ کے ممکنہ خطرات سے دنیا کو آگاہ کر رہے تو کس طرح دنیا سے سرمایہ کار ایسے حالات میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہوں گے؟

آئی ایم ایف کی رپورٹ بتا رہی کہ پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی 2020 تک خطے میں سب سے کم رہے گی۔ مگر حکومتی وزیر موصوف فیصل واوڈا دبنگ اعلان کرتے نظر آرہے کہ کم سے کم ایک ہفتے اور زیادہ سے زیادہ چند ہفتوں میں ملکی حالات اس قدر خوشحال ہوجائیں گے کہ ملک میں نوکریوں کی اتنی بھرمار ہوگی کہ نوکریوں کے لئے ڈھونڈنے سے بھی بندے کم پڑ جائیں گے۔ فیصل واوڈا کے اس بیان سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت کتنی غیرسنجیدہ ہے۔

مہنگائی کے حالیہ اس طوفان سے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ عوام پچھلے 8 ماہ سے اس حکومت کو صرف اس بات پر وقت دیتے آئے ہیں کہ عمران خان کو قوم نے اپنا مسیحا سمجھا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے سابقہ حکومتی ادوار کو قوم بھگت چکی اور قوم اب پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں جنہوں نے ملک اور قوم کا پیسہ لوٹ کر اپنے ذاتی اکاونٹ بھرے اور عمران خان ہی اس قوم کی آخری امید تھے جسے قوم وقت دے رہی مگر عمران خان کو بھی اقتدار ملے اب 8 ماہ گزر گئے پر انہوں نے عوام کو ابھی تک کوئی ریلیف نہیں دیا جس پر اب عوام کے اندر سے ایک لاوا ابلتا ہوا نظر آنے لگا ہے کہ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شاید اب زیادہ عرصے کے لئے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

اپوزیشن اسی تاک میں ہے کہ عوام کے حکومت پر غم و غصے کو احتجاج کی شکل میں اپنے لئے کیش کروا سکے۔ اپوزیشن خاموشی سے اپنا کام کر رہی ہے اور وقت آنے پر حکومت کی نا اہلی کے خلاف اسی عوام کو استعمال کرے گی۔ اگرچہ عوام کے سامنے اب کافی حد تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنی حکومتوں سے ایکسپوز ہو چکی ہیں اور عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے لئے استعمال ہونے کو تیار نہیں ہے مگر عمران خان جیسے مسیحا کی صورت میں بھی اگر یہ حکومت عوام کے لئے کچھ نہ کر سکی تو عوام مجبورا پھر سے زرداریوں اور شریفوں کے رحم و کرم پر ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے لئے مکمل طور پر ایکٹو ہو چکے ہیں اور اس سلسلے میں نواز شریف اور آصف زرداری سے ملاقات کے بعد آصف زرداری اور نواز شریف کو ایک ساتھ بٹھا کر حکومت کے خلاف ملکر تحریک چلانے کے لئے سرگرم ہیں۔

عمران خان نے ایک بار پھر اپنے وزارا کی ٹیم کو شریف خاندان کے خلاف مزید نئے کیسز ڈھونڈ لانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عمران خان نے جس طرح سے عوام کو کوئی ریلیف دینے پر کام کرنے کی بجائے صرف اور صرف شریف خاندان کو ٹارگٹ بنایا ہوا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کا مقصد صرف شریف خاندان کو رلانے تک ہی محدود ہے اور عوام کو ریلیف دینے میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں۔ انسانوں پر خرچ کرنے پر یقین رکھنے والے عمران خان نے حکومت میں آکر مہنگائی کے سونامی سے پاکستان کے انسانوں کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے۔

عمران خان نے چند ہفتوں میں ملک سے تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے کی جو خوشخبری قوم کو سنانی تھی وہ مہنگائی میں دوگنا اضافہ کرکے قوم سے ہی تیل نکالنے کی شکل میں سنا دی ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ اپنی حکومت میں موجود نا اہل لوگوں سے چھٹکارا حاصل کریں اور اپنی حکومتی ٹیم میں ان لوگوں کو شامل کریں جو واقعی میں اس قابل ہوں کہ عمران خان کے وژن کو لے کر چلیں اور ملک و قوم کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کردیں۔

وزیراعظم عمران خان موجودہ وقت میں آپ اس قوم کی امید ہیں۔ قوم نے آپ پر اعتماد کرکے اپنا فرض ادا کر دیا ہے اب آپ اقتدار کے منصب پر ہیں قوم اور خصوصا قوم کے نوجوانوں کو مایوس مت کریں۔ نوجوان نسل ہی مستقبل کے پاکستان کی آمین ہے جن کی آنکھوں میں نئے پاکستان کی خواب پروئے ہیں آپ نے خدارا ان کے خوابوں کو چکنا چور مت کریں۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
عابد ایوب اعوان کی دیگر تحریریں
عابد ایوب اعوان کی دیگر تحریریں