بی جے پی کی نظرمیں ہر مسلمان دہشت گرد ہے: محبوبہ مفتی


پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹکٹ دینے کی سخت مذمت کی ہے۔

جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی طرف سے 2008 مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹکٹ دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ بی جے پی کے لئے جب بھگوا قدامت پرستی کی بات آتی ہے تو دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ورنہ تمام مسلمان دہشت گرد ہیں۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ٹوئٹ کیا ’تصورکیجئے اگر میں نے کسی دہشت گردی کے ملزم کو امیدوار بنایا ہوتا! ان لوگوں (بی جے پی) کے مطابق جب بھگوا قدامت پرستی کی بات آتی ہے تو دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، لیکن مسلمانوں کا نام آنے پر ہر مسلمان دہشت گرد ہے۔ جب تک بری نہیں ہو جاتا تب تک مجرم مانا جاتا ہے‘۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے سادھوی پرگیہ سنگھ کو مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے امیدوار دگوجے سنگھ کے خلاف امیدوار بنایا ہے۔ سادھوی مالیگاؤں بم دھماکے کے ملزمان میں سے ایک ہیں، لیکن انھیں فی الحال عدات نے بری کر دیا ہے، اس کے بعد ان کی رہائی ہوئی ہے۔ پرگیہ سنگھ نے آج ہی بی جے پی جوائن کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).